(ویب ڈیسک) معروف سینیئر پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات اپنے شوہر کے انتقال پر خود پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکیں۔
حال ہی میں حنا خواجہ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جس میں حنا بیات نے اپنے شوہر روجر بیات داؤد کے کینسر سے انتقال سے متعلق گفتگو کی۔
حنا خواجہ بیات نے بتایا کہ جب ان کے شوہر کینسر جیسے موذی مرض کی آخری اسٹیج پر تھے تب بھی انہوں نے مجھ پر ڈراموں میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تاکہ میں کام میں مصروف رہوں اور توجہ وہیں رہے۔
حنا بیات نے کہا کہ 'میں نے تقریباً ایک سال کام نہیں کیا کیونکہ روجر بیمار تھے اور ان کا علاج چل رہا تھا۔ میں نہیں کام کرنا چاہتی تھی لیکن روجر نے زور دیا تو میں نے ایک پراجیکٹ کے لیے حامی بھر لی'۔
دوران انٹرویو حنا خواجہ نے بتایا 'روجر کے انتقال کے ایک ہفتے بعد مجھے یاد آیا کہ ڈرامہ آن ائیر ہے اور میری شوٹنگ مکمل نہیں ہوئی تھی جس کے بعد میں نے فون کیا اور پوچھا کہ کام کب کرنا ہے اس پر مجھے آگے سے جواب سننے کو ملا کہ آپ کس مٹی کی بنی ہیں؟ ہم آپ کو خود کال نہیں کررہے تھے، کیا آپ کام کریں گی؟ جس پر میں نے کہا ضرورت ہے تو میں آجاؤں گی، اسی لیے میں کام پر واپس چلی گئی'۔
حنا بیات یہ بتاتے ہوئے رو پڑیں کہ کس طرح انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: سندھی زبان سے متعلق بیان غلط تھا، نصیر الدین شاہ کا اعتراف
اداکارہ نے اشکبار ہوتے ہوئے کہا 'لوگ اتنے ظالم ہیں، انہیں کیا پتا کہ کون کس چیز سے گزر رہا ہے، وہ بس فتویٰ لگا دیتے ہیں، اس قسم کے سوال کرتے ہیں کہ عدت پوری کرلی آپ نے؟ دیکھو تیار ہوکر آئی ہوئی ہے، اسے کیا غم ہوگا اپنے شوہر کے مرنے کا، انہیں کیا پتہ کہ کس کے دل کا کیا حال ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے پتا ہے کہ میرا کام میرے لیے کیا ہے، میں رمضان کے ماہ میں صرف عبادت کرنا چاہتی تھی لیکن اللہ تعالیٰ نے کہا عبادت کے ساتھ مشقت بھی کرو، میں تبھی ترکی اور شام زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے پہنچی تھی'۔
خیال رہے کہ حنا خواجہ بیات کے شوہر راجر خواجہ بیات جنوری 2023 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے اور اداکارہ انہیں علاج کے لیے بیرون ملک بھی لے گئی تھیں۔