ارشد شریف قتل: والدہ کی عمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست

Jun 08, 2023 | 16:32:PM
ارشد شریف کی والدہ نے عمران خان، فیصل واوڈا اور مراد سعید کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست دائر کردی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فیصل واوڈا اور مراد سعید کو ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست دائر کردی۔

ایڈووکیٹ شوکت عزیز صدیقی کے ذریعے دائر کی گئی متفرق درخواست میں ارشد شریف کی والدہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی، فیصل واوڈا، سلمان اقبال، مراد سعید  اور عمران ریاض کو شامل تفتیش کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق ان تمام افراد سے شواہد حاصل کیے جائیں ۔ ارشد شریف کی والدہ نے متفرق درخواست میں مزید کہا کہ مقدمے کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اقدام کو سراہتی ہوں ۔

ارشد شریف کی والدہ نے کہا کہ قتل کی تحقیقات پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائیں ۔ کئی افراد نے ارشد شریف کے قتل کی سازش کے بارے میں جاننے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اور نہ ہی جے آئی ٹی کی رپورٹ فراہم کی گئی  ہے۔

   سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ جے آئی ٹی سربراہ کو 5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دے۔ ساتھ ہی عدالت جے آئی ٹی کی رپورٹس فراہم کرنے کا حکم بھی دے۔