(24 نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سی ای او کرومیٹک (Chromatic) شارق خان نے ملاقات کی۔
اس موقع پر معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، طارق پاشا اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
شارق خان نے وزیرِ اعظم کو کرومیٹک کی پاکستان سے تمباکو نوشی کے خاتمے کے حوالے سے مہم ’ٹوبیکو کنٹرول الائینس فار پاکستان‘ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلومبرگ فلنتھراپیز کے اشتراک سے اس مہم کا مقصد پاکستان سے تمباکو نوشی کے خاتمے میں حکومت کی معاونت کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری، اچھی خبریں ملیں گی، وزیراعظم
اس حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی سے پاک پاکستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم اپنی آئندہ نسلوں کو تمباکو نوشی جیسی مضرِ صحت عادت سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔
اس موقع پر وزیرِاعظم نے کرومیٹک کی پاکستان سے تمباکو نوشی کے خاتمے کیلئے مہم کی پزیرائی کی۔