ٹک ٹاک صارفین کیلئے پیسے کمانے کا ذریعہ بن گیا

Jun 08, 2023 | 20:48:PM

(ویب ڈیسک ) محدود مدت کی ویڈیو بنانے والی ایپ ٹک ٹاک نے  صارفین کو پیسے کمانے کا موقع فراہم کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق معروف سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے اب صارفین پیسے کما سکیں گے، ٹک ٹاک کی جانب سے مارچ میں سیریز نامی فیچر محدود صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا تاکہ تخلیق کار ایپ سے براہ راست پیسے کما سکیں،اب سیریز فیچر کو 94 ممالک کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

 سیریز کے لیے اہل قرار پانے والے صارفین اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کریں گے،اس ویڈیو البم کو سیریز البم کہا جائے گا اور ہر البم میں 80 ویڈیوز اسٹور کرنا ممکن ہوگا،صارفین ہی طے کریں گے کہ ان کی کسی سیریز البم کو دیکھنے کی فیس کتنی ہوگی جو ایک سے 190 ڈالرز کے درمیان رکھی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق صارفین اس فیچر کے تحت 20 منٹ تک طویل ویڈیوز بھی تیار کر سکتے ہیں،خیال رہے کہ ابھی ٹک ٹاک میں 10 منٹ سے زیادہ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنا ممکن نہیں،اس فیچر کے ذریعے پیسے کمانے کے لیے کمپنی کی جانب سے چند شرائط بھی عائد کی جا رہی ہیں۔

کمپنی کے مطابق صارف کی کم از کم عمر 18 سال ہونا ضروری ہوگی اور وہ اس خطے کا رہائشی ہوگا جہاں یہ فیچر دستیاب ہوگا،اسی طرح 10 ہزار فالوورز اور کم از کم 30 دن پرانا اکاؤنٹ ہونا ضروری ہوگا،اہل صارف نے گزشتہ 30 دن میں کم از کم 3 پبلک ویڈیوز پوسٹ کی ہوں جن کے ویوز ایک ہزار یا اس سے زائد ہوں۔

مگر ٹک ٹاک کے مطابق ایک ہزار فالوورز والے صارفین بھی اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں مگر اس کے لیے انہیں ایسے مواد کا لنک شیئر کرنا ہوگا جو انہوں نے دیگر پلیٹ فارمز پر فروخت کیا ہو، البتہ ایسے صارفین کی پروگرام میں شمولیت کمپنی کی مرضی سے ہوگی،صارفین ٹک ٹاک ایپ میں کریٹیر سینٹر کے ذریعے سیریز پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کمپنی کے مطابق سیریز پروگرام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا،اس سے قبل ٹک ٹاک کی جانب سے کریٹیویٹی پروگرام اور ایفیکٹ کریٹیر ریورڈز نامی 2 فنڈز متعارف کرائے گئے تھے تاکہ صارفین کے لیے اس ایپ سے کمانا آسان ہو جائے۔

مزیدخبریں