(24نیوز)نارتھ کراچی میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا چننے والا نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
نارتھ کراچی الیون اے میں جمعے کے روز معمولی سی تکرار کے دوران سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا چننے والا نوجوان شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا،واردات کا مقدمہ 17 سال کے مقتول صمد کے والد محمد عیوض کی مدعیت میں تھانہ سر سید میں درج کرلیا گیا۔
مقتول کے والد کا مقدمے میں بتانا ہے کہ میں اور میرا بیٹا کچرا چننے کیلئے نارتھ کراچی سیکڑ الیون اے پہنچے تھے، نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے صمد کو اسی مقام پر چھوڑ کر مسجد چلا گیا تھا، جب واپس آیا تو میرے بیٹے کے پیٹ میں گولی لگی ہوئی تھی اور وہ زمین پر پڑا ہوا تھا، زخمی بیٹے نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈ نے گولی ماری اور فرار ہوگیا، قریب موجود لوگوں نے بتایا فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کا نام رمضان ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نجی سکیورٹی کمپنی کے سپروائزر عاصم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ نجی کمپنی نے غیر تربیت یافتہ گارڈ بھرتی کئے ہوئے تھے، فرار گارڈ رمضان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔