ماحولیات کا تحفظ نہ کیا گیا تو جانداروں کی بقا خطرے میں پڑ سکتی ہے،چیف جسٹس پاکستان

Jun 08, 2024 | 18:31:PM

(24نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ اگر ہم درخت،چرند پرند کو بچائیں تو تبدیلی لائی جاسکتی ہے،ماحولیات کا تحفظ نہ کیا گیا تو جانداروں کی بقا خطرے میں پڑ سکتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہر قدرتی آواز خوبصورت ہے،قدرت کی تخلیق کی گئی ہر صدا سماعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے،بہت سی انسانی ایجادات ماحولیات کی تباہی کا سبب بن رہی ہیں۔    

سپریم کورٹ میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر اہتمام کانفرنس منعقد ہوا جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، جسٹس منصور علی شاہ اور آذربائیجان کے سفیر نےشرکت کی، منعقدہ کانفرنس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس منصور علی شاہ اور آذربائیجان کے سفیر نے اظہار خیال  بھی کیا۔ 

کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ جب ہم ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں تو وہ ہمیں سگریٹ چھوڑنے اور واک کرنے جیسے علاج بتاتے ہیں،جب انسانی ٹمپریچر بڑھتا ہے تو اس کا مطلب ہے ہم بیمار ہو رہے ہیں، صرف ایک ڈگری بڑھنے کو بخار بتایا جاتا ہے۔

 چیف جسٹس نے کہا کہ آج زمین بیمار ہے اس کو بخار ہے اور زمین بہت زیادہ دھواں اپنے اندر سمو رہی ہے، ہم پلاسٹک بنا تو رہے ہیں لیکن اس کو ڈسپوز نہیں کر رہے، ہر ڈاکٹر گوشت کے بجائے سبزیوں کے استعمال کا کہتا ہے، حضرت علی کا قول ہے اپنے معدے کو جانوروں کا قبرستان مت بناو،انہوں نے کہا کہ شوگر سب سے پہلی ڈرگ تھی جو دریافت ہوئی۔ 

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اگر ہم درخت،چرند پرند کو بچائیں تو تبدیلی لائی جاسکتی ہے،ماحولیات کا تحفظ نہ کیا گیا تو جانداروں کی بقا خطرے میں پڑ سکتی ہے،حضرت محمدؐ  نے پانی کے ضیاع سے منع فرمایا،ان کا کہنا تھا کہ ہر قدرتی آواز خوبصورت ہے،قدرت کی تخلیق کی گئی ہر صدا سماعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے،بہت سی انسانی ایجادات ماحولیات کی تباہی کا سبب بن رہی ہیں۔    
  انہوں نے مزید کہا کہ دریا ہو یا پرندے ان کے اپنے حقوق ہیں،ہمیں معلوم ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ہو رہی ہیں،سب کو معلوم ہے تبدیلیوں کے اثرات کیا ہوں گے،جب ہم قدرت کے قریب آئیں گے ماحول میں بہتری آئے گی۔

آذربائیجان کے سفیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس اہم کانفرنس کے انعقاد طر مبارکباد دیتا ہوں، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات تباہ کن ہیں، موسمیاتی تبدیلی مستقبل نہیں بلکہ حال کیلئے بھی خطرہ ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: نیول چیف کی قطری فوجی سربراہوں سے ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

مزیدخبریں