پاکستانی پیسرز کا خوف یا کچھ اور ؟ پاکستان انڈیا میچ کیلئے پِچ پر گھاس کم کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج میچ کل یعنی اتوار کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا، پاکستانی پیسرز کا خوف کہہ لیں یا کچھ اور انتظامیہ نے پچ پر گھاس کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’ٹی20 آرگنائزنگ کمیٹی اور آئی سی سی کے خیال میں ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی پِچ پر کارکردگی میں ویسا تسلسل نہیں رہا جیسا کہ ہم سب چاہتے تھے‘بیان میں مزید کہا گیا کہ ’گزشتہ روز ہونے والے میچ کے بعد ورلڈ کلاس گراؤنڈ مینز پر مشتمل ٹیم پِچ کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے اور باقی میچوں کے لیے بہترین پِچ دینے کے لیے پرعزم ہے۔‘
اس بیان میں مزید انشکاف کیا گیا ہے کہ ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی پِچ پر بیٹرز کو گھاس کی وجہ سے غیر متوازن باؤنس کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد پِچ پر اُگی گھاس کو کم کیا جا رہا ہے اور اس پر رولر چلائے جا رہے ہیں،پِچ پر رولر چلائے جانے کے بعد گیند ہموار سطح پر گرے گی جس کے باعث متوازن اچھال ملے گا۔
خیال رہے کہ نیو یارک میں اب تک ٹی20 ورلڈ کپ کے تین میچز کھیلے جا چکے ہیں تاہم یہ تینوں میچ لو سکورنگ رہے،یہاں 3 جون کو کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سری لنکا کی پوری ٹیم 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی،اس کے بعد 5 جون کو انڈیا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں آئرش ٹیم صرف 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سنیچر کو کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے جس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز ہی بنا سکی۔
ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم کی غیر معیاری پِچ پر کرکٹ ماہرین اور شائقین بھی شدید تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں،پِچ کے غیر معیاری ہونے پر انگلش میڈیا نے خبر جاری کی تھی کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ نیو یارک سے شفٹ کیا جا رہا ہے تاہم ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی فینز کی شاہین شاہ آفریدی سے انوکھی درخواست ،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل