مخالفین کی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں :عمران خان

Mar 08, 2022 | 13:28:PM

(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہاں طاقت ور شخص قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، جہاں چوری سے پیسہ بنے وہاں لوگ پڑھائی اور محنت کیوں کریں گے؟ پھر معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے لیکن میں جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا،ہم قانون کی حکمرانی کیلئے سب سے بڑا جہاد لڑ رہے ہیں۔

عالمی یوم نسواں پر فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خواتین کی وراثت کے حقوق میں سمجھ ہونی چاہیے کہ نبیؐ نے 1500 سال قبل خواتین کو حقوق دیئے، یورپ میں بھی خواتین کو حقوق ملے لیکن افسوس کہ پاکستان میں بعض جگہ خواتین کو حقوق نہیں دیے جاتے، میانوالی میں ایک جگہ گیا تو وہاں تصور ہی نہیں تھا خواتین کو حقوق دینے کا، یہ رواج ہمارے ہاں ہندوستان سے آیا جہاں شوہر کے مرنے پر خواتین کو ساتھ ہی ستی کردیا جاتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے خواتین کے حقوق کے لیے قانون بنادیا اب معاشرے کو اس پر عمل درآمد کرانا ہے، طلاق کے قانون میں خواتین کو حقوق دینے پڑتے ہیں، جلد اس حوالے سے بھی قانون سازی کریں گے، اسی طرح تعلیم بھی ہے ہم نے خواتین کی تعلیم پر بھی زور نہیں دیا، میری زندگی میں میری کامیابیوں کی سب سے بڑی وجہ میری والدہ ہیں جو کہ پڑھی لکھی تھیں، والدہ کو ان کے وراثت کے حقوق ملے اور ان کے پڑھا لکھا ہونے کی وجہ سے آج میں پڑھا لکھا ہوں، آج میری کامیابیوں میں میری والدہ کا بہت بڑا ہاتھ ہے،  پاکستان میں احساس پروگرام کا 98 فیصد پیسہ خواتین کے ذریعے تقسیم کیا جاتا ہے، ہم بچی کی تعلیم کے لیے والدین کو زیادہ پیسے دیتے ہیں کیوں کہ ماں پڑھی لکھی ہوتی ہے تو پورا گھر کامیاب ہوتا ہے، ہماری اسکالر شپ 40 فیصد لڑکوں اور 60 فیصد لڑکیوں کیلئے ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قانون کی بالادستی سے معاشرہ کامیاب ہوتا ہے، طاقت ور لوگ قوم کا پیسہ چرا رہے ہیں ، پرویز مشرف نے گھٹنے ٹیک دیئے اور طاقت وروں کو این آر او دے دیا، یہاں طاقت ور شخص قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، طاقت ور کہتے ہیں کہ میری بلیک میلنگ میں نہ آئے تو حکومت گرادوں گا، اپوزیشن جو بھی چال چلے گی اس کے لیے تیار ہوں، مخالف کی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں کیوں کہ کپتان جب میدان میں ہوتا ہے تو ہر چیز کیلئے خود کو تیار رکھتا ہے،مخالفین کی سازشوں کے باوجود ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

یہ بھی پڑھیںحکومت چنددن  کی مہمان ۔معاملات طےہو گئے: شاہد خاقان عباسی
 

مزیدخبریں