ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ،سوناکشی سہنا کا رد عمل سامنے آگیا 

Mar 08, 2022 | 14:19:PM

(ویب ڈیسک)فراڈ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سہنا کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سہنا نے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تردید کرتے ہوئے ان تمام رپورٹس کو ”جعلی“ قراردے دیا۔ ان کا کہناتھا کہ درخواست گزار میرے نام کا غلط استعمال کرکے اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا کر سستی شہرت حاصل کرنا چاہتا ہے۔
سوناکشی سہنا نے اپنی انسٹاگرام سٹور ی میں لکھا کہ چند دنوں سے بغیر کسی تصدیق کے میرے خلاف خبریں چلا کر محاذ کھولا گیا یہ سراسر بے بنیاد خبریں ہیں ایک بدمعاش شخص مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ ایسی خبریں نہ پھیلائیں کیونکہ ان خبروں کا مقصد صرف یہ ہے کہ خبریں پھیلانے والا شخص صرف اور صرف پبلسٹی حاصل کرنا چاہتا ہے اور مجھ سے پیسے بٹورناچاہتا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی پر مراد آباد ایک عدالت میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 25 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی ۔سوناکشی سہنا کیخلاف درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سوناکشی کو دہلی میں ہونے والے ایک ایونٹ کے لیے 28 لاکھ روپے ایڈوانس ادا کیے گئے تھے جہاں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرنی تھی۔اداکارہ نے تقریب میں شرکت نہیں کی تھی اور رقم بھی واپس نہیں کی تھی۔ ایونٹ کے آرگنائزر پرمود شرما نے مبینہ طور پر رقم کی وصولی کی بار بار کوششوں کے بعد اداکارہ کے خلاف 2019 میں شکایت درج کروائی تھی۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ نے تقریب میں شرکت کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ تاہم ایونٹ والے دن سوناکشی نے ٹیم سے مطالبہ کیا تھا کہ ایونٹ کا وقت تبدیل کیا جائے تاہم منتظمین نے اس مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیاجس کے باعث سوناکشی تقریب میں شریک نہیں ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:سوناکشی سنہا بڑی مشکل میں پھنس گئیں ۔۔ وارنٹ گرفتاری جاری

مزیدخبریں