(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیاں جنگوں سے براہ راست متاثر ہو رہی ہیں، بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر سلامتی کونسل میں خطاب کے دوران کہا کہ خواتین کو ساتھ ملائے بغیر ترقی ممکن نہیں جب کہ خواتین کو تعلیم دے کر معاشرے میں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
سلامتی کونسل میں عورت، امن اورسیکیورٹی پر مباحثے میں بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اور بچیاں جنگوں سے براہ راست متاثر ہو رہی ہیں، بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، عالمی تنازعات وجنگوں میں عام شہری نشانہ بن رہے ہیں اور عراق، یوکرین، افغانستان میں خواتین متاثر ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خواتین کی تعلیم وتحفظ کیلیے کام کرنا ہوگا، خواتین کے خلاف جرائم سب کو مل کر روکنا ہوں گے، خواتین کو ساتھ ملائے بغیر ترقی ممکن نہیں لہٰذا خواتین کو تعلیم دے کر معاشرے میں فعال کرنے کی ضرورت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ عام شہری دہشتگردوں کا آسان ہدف ہیں۔