کراچی اور پشاور میں ڈالر ریٹ میں 10 روپے کا فرق ہے، سلیم مانڈوی والا

Mar 08, 2023 | 18:23:PM

(ویب ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ کراچی اور پشاور میں ڈالر ریٹ میں 10 روپے کا فرق ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا،گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ ضروری درآمدات پر زیادہ عرصہ بندش برقرار نہیں رکھ سکتے، آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی جائزہ مکمل ہونے کے بعد درآمدات پر پابندیاں نرم کی جائیں گی۔
کمیٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کراچی اور پشاور میں ڈالر ریٹ میں 10 روپے کا فرق ہے، کراچی کے مقابلے اسلام آباد راولپنڈی اور خیبر پختونخوا میں ڈالر مہنگا ہے، اس کی وجہ ڈالر کی افغانستان سمگلنگ ہے،سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ روپے میں تجارت کی وجہ سے ڈالر کی سمگلنگ ہورہی ہے، افغانستان کےساتھ روپے کے بجائے ڈالر یا بارٹر سسٹم کے تحت تجارت کی جائے۔
سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ملک میں ڈالر کی قلت ہے لیکن ایک بارڈر سے ہر روز 5 ملین ڈالر تک باہر جارہے ہیں۔
کمیٹی ارکان کے استفسار پر گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ ڈالر کی سمگلنگ روکنے کیلئے ایف آئی اے اور کسٹمز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی جانب سےسنگین الزامات کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کا جواب آ گیا

مزیدخبریں