عمران خان کی 3 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

Mar 08, 2023 | 18:48:PM

 (24 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 3مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلا کی جانب سے دائر درخواستوں میں تھانہ رمنا کے 2اور کوئٹہ کے ایک مقدمے میں 15 روز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے،  درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئی ہیں اور آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ عدالت میں پیشی کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے۔

 دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر ہونے اور فوری سماعت کیلیے مقرر کرنے کے معاملے پر ایڈیشنل رجسٹرار اور پی ٹی آئی رہنماؤں میں دلچسپ مکالمہ ہوا،ایڈیشنل رجسٹرار نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کا اصول ہے کہ ملزم پہلے عدالت میں موجود ہو، تمام ججز گھر جا چکے ہیں آپ کی درخواستوں کے لیے ججز واپس آئیں گے، پہلے آپ عمران خان کو لیکر لاہور ہائیکورٹ پہنچیں پھر ہم درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کریں گے، انہوں نے کہا کہ پہلے بھی آپ نے درخواست مقرر کرواکر عمران خان کو پیش نہیں کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ اسطرح پہلے ہماری دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف درخواست کو مقرر کردیں، زمان پارک کو چاروں اطراف سے پولیس نے گھیر رکھا ہے  دفعہ144کے نفاذ کے خلاف پٹیشن کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

مزیدخبریں