(ویب ڈیسک)جنیوامیں واقع اقوام متحدہ کے ادارہ انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں عرب ممالک کی جانب سے یورپ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر احتجاج کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشن ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں عرب ممالک نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں نے قرآن پاک کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات کی مذمت کرنے سے گریز کیا، عرب ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے قطر کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹر ہند عبدالرحمان المفتاح نے کہا کہ مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب قرآن کو جلانے کے ناپاک واقعات پر عالمی ادارے کا رویہ نہایت مایوس کن ہے جس پر گہری تشویش ہے۔
عرب ممالک نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے ساتھ ساتھ جس ملک میں ایسے واقعات ہوئے ان پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے زور دیں ، عرب ممالک نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ سویڈن سمیت ایسے تمام ممالک جہاں آزادیٔ اظہار رائے کے نام پر مذہب کو نشانہ بنایا جاتا ہے وہاں مذہبی احترام کے بنیادی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ سویڈن میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی انتہا پسند تنظیم کے رہنما راسموس پلودن نے ایک سے زائد مرتبہ قرآن کی بے حرمتی کرتے ہوئے سرعام قرآن کو نذر آتش کیا تھا۔