مخصوص نشستوں پر کامیاب 21 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان نے حلف لیا

Mar 08, 2024 | 10:18:AM

(حسن علی)پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب 21 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان نے حلف لیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے شور شرابے میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا،اجلاس اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی صدارت میں ایک گھنٹہ 29 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، سنی اتحاد کونسل کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا۔

اسپیکر نے کہا کہ معزز ممبران سے درخواست ہے اپنے بینچز پر بیٹھ جائیں، اپنے بینز پر جائیں، ڈائس کے سامنے سے ہٹ جائیں،اپوزیشن کے شور شرابے کے سبب اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس 5 منٹ کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔

حلف لینے والوں میں سعدیہ مظفر، فضا میمونہ، عابدہ بشیر، مقصودن بی بی، عامرہ خان، صومیہ عطاء، راحت افزا، رخسانہ شفیق، تحسین فواد، فرزانہ عباس، شگفتہ فیصل، عظمیٰ بٹ، ماریہ طلال، ساجدہ نوید، نصرین ریاض، افشین حسن، آمنہ پروین، شہر بانو، زیبا غفور، روبینہ نذیر اور سیدہ سمیرہ احمد شامل ہیں۔

اقلیتوں کی نشستوں پر طارق مسیح ، وسیم انجم اور بسرو جی   نے بھی حلف اٹھالیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر کا  یوکرین کیلئے اہم پیغام

پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے لیے ارکان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 9 بجے طلب کیا گیا ہے،اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا تھا۔

مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان کے حلف کے لیے آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما رانا آفتاب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت چاہ رہی ہے کہ جلدی سے حلف لے لیں، کیوں کہ عدالت میں کیس لگا ہوا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن رہنما رانا آفتاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس اس لیے آج بلوایا، تاکہ حلف دلوا کر کل ووٹ دلوایا جائے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم ہاؤس کے اندر رہ کر احتجاج کریں گے۔

دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکانِ اسمبلی کی سہولت کے لیے اجلاس بلانے کا وقت تبدیل کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل صدارتی الیکشن ہے، سوچا کہ نمازِ جمعہ سے پہلے اجلاس بلا لیا جائے، لاہور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کی وجہ سے اجلاس جلدی نہیں بلایا۔



مزیدخبریں