دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)دنیا بھر میں خواتین کا آج عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس دن کی مناسبت سے پاکستان میں بھی آج تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔
خواتین کھیتوں کھلیانوں سے لےکر جدید سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں، چنانچہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آج ملک بھر میں ریلیاں، واک، سیمینارز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج کادن ہرشعبے میں خواتین کی کامیابیوں کے اعتراف کا دن ہے، خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی حکومت کی ترجیح رہے گی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پہلی بار 1975 میں خواتین کے عالمی سال کے موقع پر خواتین کا عالمی دن منایا گیا۔
دوسری جانب دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے مگر تھرپارکر میں محنت کش خواتین اس دور جدید میں بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جو آج بھی دور دراز کنویں سے پانی حاصل کرنے سے ہاتھ کی چکی سے آٹا حاصل کرنے کی جستجو میں زندگی ںسر کرتی ہیں۔
سر پر مٹی کے مٹکے لیکر پانی کی تلاش میں نکلی یہ تھرپار کی خواتین کو شاید پتہ ہو کہ آج انکا عالمی دن منایا جا رہا ہے مگر یہ خواتین تو اس دور جدید میں آج بھی دنیا کی سہولیات سے محروم ہیں وہ آج بھی دور ٹیلوں میں سفر کر کے پانی حاصل کرتی ہیں تو کبھی وہ ہاتھ کی چکی کی مشقت سے گذر کر زندگی کی تلاش کرتی ہیں تھر کی یے محنت کش خواتین گھر کے کام کے ساتھ کبھی کھیتوں میں تو کبھی روزگار کی متلاشی بھی ہوتی ہیں مگر وہ اپنے دیس کی ثقافت و تھذیب کو تھامے اس دن سے بیخر ہو کر حقیقی زندگی کی تلاش میں ہیں اور اس دن پر وہ زندگی کی جنگ لیکر حاکم وقت سے اپنے حقوق کی متلاشی ہیں۔
پاکستان کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار
پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا ایک اہم کردار ہے،پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک خود کو ممتاز کیا۔
خواتین سیاست، بیورو کریسی، عدلیہ ،سیکیورٹی کے اداروں اور تعلیم جیسے اہم محکموں میں مردوں کے شانہ بشانہ شاندار خدمات سر انجام دے رہی ہیں ،آج اُن عظیم خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دِن ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں پاکستان کیلئے وقف کر دی۔
اس ضمن میں محترمہ فاطمہ جناح، بیگم شاہنواز، سلمیٰ تصدق حُسین، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم وقار النساء نون، محمودہ رزاق،اور بیگم عبداللہ ہارون اور محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے لئے ایک رول ماڈل ثابت ہوئیں، مریم نواز شریف پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی صوبے کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بنیں،ثمینہ بیگ نے ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون ہونےکا اعزاز اپنے نام کیا ، لاریب عطا کو جیمز بانڈ کی فلم"نو ٹائم ٹو ڈائی" میں بہترین کارکردگی پر2022میں آسکر اور بافٹا کے اعزازسے نوازا گیا،اسی طرح صباحت رضوی لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی پہلی خاتون سیکرٹری بنیں۔
اپریل2022 میں عروج آفتاب "گریمی ایوارڈ"جیتنے والی پہلی پاکستانی نژاد خاتون بنیں، پاکستان کی ندا ڈار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری کرنے والی پہلی خاتون بالر بنیں، اے ایس پی شہربانو نے حال ہی میں لاہور میں ایک معصوم شہری خاتون کی جان بچا کر ، اپنی پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے بہادری کی مثال قائم کی۔
پاکستان کی معروف خاتون آرکیٹیکٹ یاسمین لاری کو 2023 میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف برٹش آرکیٹیکٹس کی جانب سے رائل گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا، آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے تعلق رکھنے والی مریم مجتبیٰ پہلی خاتون پائلٹ ہیں جنہوں نے2018میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(PIA)میں شمولیت اختیار کی۔
چترال سے تعلق رکھنے والی ثریا بی بی نے تاریخ میں پہلی بار چترال سے جنرل سیٹ پر منتخب ہونے والی خاتون رُکن بننے کا اعزاز حاصل کیا ۔