پاکستانی خواتین کے ناقابلِ تسخیر جذبے، ہمت اور غیر متزلزل عزم کو سلام کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری

Mar 08, 2024 | 12:04:PM

(روزینہ علی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی حصول منزل کی جدوجہد میں پاکستانی خواتین کے ناقابلِ تسخیر جذبے، ہمت اور غیر متزلزل عزم کو سلام کرتا ہوں۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سب خواتین کو عالمی دن کی مبارک باد دی اور کہا کہ قوم سازی کے عمل میں پاکستانی خواتین کا کردار بے مثال رہا ہے، آج خواتین کا عالمی دن پر ضروری ہے کہ ہم اپنی خواتین کی گرانقدر خدمات کو تسلیم اور حوصل افزائی کریں۔

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج ہم ان اقدامات پر مسرت کا اظہار کریں جو خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ہم نے اٹھائے ہیں،آج اُن چیلنجوں کو بھی تسلیم کریں جو تاحال ہمارے سامنے موجود ہیں، ہم سب مل کر ایک زیادہ جامع اور مساوات پر کھڑے معاشرے کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھیں،ایسا معاشرہ جہاں ہر پاکستانی خاتون کو اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے بااختیار بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میری جماعت خواتین کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور خودمختاری کے لیے ہمیشہ پرعزم رہی ہے، قائد عوام شہید بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے اور تمام شعبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے بے مثال پالیسیوں کا بنیاد رکھا، ان کی سماجی انصاف سے وابستگی ملک میں جامع اور مساوی معاشرے کی بنیاد رکھی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے خواتین کے حقوق میں تاریخی سنگ میل عبور کیا، انہوں نے بطور مسلم اکثریتی ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم، خواتین کے آگے کھڑی رکاوٹوں کو توڑا اور صنفی مساوات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا۔

یہ بھی پڑھیں:اینکر پرسن اقرار الحسن کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،مقدمہ درج

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے ادوار میں فرسٹ ویمن بینک اور ویمن پولیس اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا، ادوار میں لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام اور خواتین کسانوں کو زمین کی الاٹمینٹ جیسے موثر اقدامات اٹھائے گئے،

بلاول بھٹو نے  کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دورِ صدارت کے دوران خواتین کی بھبود و ترقی کی لیگیسی کو جاری رکھا، قابل ذکر خدمات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی اقدام بھی شامل ہے جو  پاکستانی خواتین کے لیے ایک تحفہ ہے،خواتین کے حق میں قانون سازی اور دیگر اقدامات بھی صدر زرداری کے پاکستانی خواتین کی فلاح و بہبود کے متعلق ان کے عزم کے عکاس ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنماعظمی بخاری نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے بات کرتے ہوئےکہا کہ 8 مارچ کا دن میرے دن بہت اہم ہے،ویسے تو ہر دن خواتین کا ہوتا ہے،لیکن آج کا دن اس لئے سپیشل ہے کہ مریم نواز پہلی خاتون وزیر اعلی بنی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ  وزیر اعلیٰ مریم نواز خواتین کےلیے جو اقدامات اٹھانے جا رہی ہے وہ قوم کو بتائیں گی،خواتین کےلئے سیفٹی ایپ کا افتتاح مریم نواز کریں گی،مردوں کو دھمکی نہیں پیار سے سمجھائوں گی کہ خواتین گھر کا اہم حصہ ہوتا ہے،خواتین کو عزت دیں،عورت مارچ ہونا چاہئیے میں خواتین کے حقوق کی ہمیشہ دائی رہی ہوں

عظمی بخاری نے کہا کہ  اپوزیشن کا کام ہی احتجاج کرنا ہے احتجاج آج بھی کوئی نیا کام نہیں ہوگا، ہم اپوزیشن کو مانتے ہیں وہ بیٹھیں اور اپنا آئینی کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں