وزیراعلیٰ سندھ کا جلد صوبائی مالیاتی کمیشن تشکیل دینے کے عزم کا اظہار

Mar 08, 2024 | 15:25:PM

(عاجز جمالی)وزیراعلیٰ نے سندھ میں جلد صوبائی مالیاتی کمیشن تشکیل دینے کے عزم کا اظہار کردیا۔ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ایم کیو ایم سندھ کے عوام کی بہتری میں قانون لائے گی تو ساتھ دیں گے۔ 
وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ وفاقی کابینہ دو سے تین روز میں بن جائے گی،اپنی پہلی پریس کانفرنس کےد وران مراد علی شاہ کاکہناتھا کہ کل آصف علی زرداری صدر مملکت بن جائیں گے اور اتوار کے روز اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ وفاق سے قومی مالیاتی کمیشن بنانے پر بات کریں گے اور ہم بہت جلد صوبائی مالیاتی کمیشن تشکیل دیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے ان کا کوئی جھگڑا نہیں، ایم کیو ایم سندھ کی بہتری میں کوئی قانون لائے تو ساتھ دیں گے البتہ وفاقی حکومت ہم سے زبردستی کوئی قانون منظور نہیں کروا سکتی۔ عوام نے سندھ اسمبلی میں دو تہائی اکثریت دلوائی ہے ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں ۔

ضرورپڑھیں:’پاکستان کے سیاسی امور اندرونی معاملہ ہے‘، آئی ایم ایف کا پی ٹی آئی کو جواب

مراد علی شاہ کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ہماری اسکیمیں روک دیں تھیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں تھا، امن و امان کی صورتحال شہروں میں بہتر ہے نہ دیہی و کچے کے علاقے میں، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا حکومت کا کام ہے، پولیس میں کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس پر مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنا بھی حکومت کا ہی کام ہے، ہم نے رمضان پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف کام شروع کر دیا ہے، میں خود اس مہم کی نگرانی کروں گا، اگر انتظامیہ قابو نہیں کر سکی تو انتظامیہ کو سزا ملے گی۔

مزیدخبریں