(افضل بلال) پی ایس ایل 9 کے 25ویں میچ میں عقیل حسین کی ہیٹرک رائیگاں ہو گئی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاور زلمی کے ہاتھوں 76 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے 25ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ساری ٹیم 120 رنز پر آؤٹ ہو گئی، عقیل حسین کی پی ایس ایل 9 کی پہلی ہیٹرک بھی کوئٹہ کو فتح نہ دلوا سکی۔
پشاور زلمی کے تگڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اچھا آغاز تو کیا لیکن جیسے ہی 43 کے مجموعی سکور پر پہنچے تو اوپنر سعود شکیل مہران ممتاز کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے، بعد ازاں کوئٹہ کے بلے باز یکِ بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے، کوئٹہ کی جانب سعود شکیل 24، جیسن روئے 16 اور عقیل حسین 14 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کپتان ریلی روسو، خواجہ نافے، عمیر یوسف، لوری ایونزسمیت دیگر بلے باز کریز پر جم نہ سکے اور میچ کے 18 ویں اوور میں ساری ٹیم 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: رمیز راجا نے حنین شاہ کو ایسا مشورہ دیدیا کہ نسیم شاہ بھی حیران ہو جائیں
پشاور کی جانب سے اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر نصف سنچری سکور کی، انہوں نے 30 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے، ٹام کوہلر کیڈمور نے 19 گیندوں پر 33 اور رومان پاول نے ذمہ دارانہ 28 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 196 تک پہنچایا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے میچ کے 16 ویں اوور میں پی ایس ایل 9 کی پہلی ہیٹرک کی اور مجموعی طور پر میچ میں 4 وکٹیں اپنے نام کیں ان کے علاوہ سہیل خان، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹاس کے موقع پر کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ریلی روسو نے کہا کہ پچ دیکھنے میں تھوڑی سی مختلف لگ رہی ہے، اچھی بولنگ کریں گے اور پشاور کو کم سے کم رنز تک محدود کریں گے، ہماری ٹیم میں آج 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ بیٹنگ ہماری طاقت ہے ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے، ایسا لگ رہا ہے کہ اس پچ پر 190 رنز بنیں گے، ٹیم میں آج 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد حارث اور خرم شہزاد پلئنگ الیون کا حصہ بنے ہیں۔