خواتین کا عالمی دن ہے اور آج ہی خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے: قائد حزب اختلاف

Mar 08, 2024 | 19:20:PM

(24 نیوز) قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خواتین کا عالمی دن ہے اور آج ہی خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔

آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کافی گرما گرمی ہوئی، اپوزیشن جماعت کی جانب سے حکومت پر تنقیدی نشتر برسائے گئے، قائد حزب اختلاف، سنی اتحاد کونسل سے الحاق کرنے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے حکومتی جماعتوں پر خوب چڑھائی کی۔

برسٹر گوہر کا خطاب

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قومی  اسمبلی،خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلیوں میں ہماری خواتین اور اقلیتوں کی 47 مخصوص نشستیں بنتی ہیں، ہم نے پورے پاکستان کے نشستوں کی بات کی جس پر کے پی ہائی کورٹ نے ہمیں سٹے دیا، ہائی کورٹ کے فیصلے تک ان نشستوں پر حلف نہیں اٹھایا جاسکتا، خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر حلف اٹھانا ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی کا جواب

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس حلف نہ لئے جانے کی پابندی سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کاکو حکم نامہ نہیں آیا، الیکشن کمیشن کا کوئی حکم نامہ بھی ریزرو سیٹس کے بارے میں موصول نہیں ہوا۔

قائد حزب اختلاف کا خطاب

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا کہ یہاں پر جو حلف لیا گیا وہ غلط ہے، جو آج حلف لیا گیا یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، مجھے بطور اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا ہے، میں اپنے قائد کو اڈیالہ جیل ملنے گیا، میرے پاس عدالت کے احکامات موجود تھے، جیل سپریڈینڈ نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کر دیا، کیا جیل سپریڈنٹ آئین کے تابع ہے یا نہیں؟ کیا جیل سپریڈنٹ کسی حکومت کے تابع ہے یا نہیں؟ کیا جیل سپریڈنٹ کسی عدالت کے تابع ہے یا نہیں؟ یہ ملک کیسے چلے گا؟

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم انوار الحق 60 لاکھ روپے کے نادہندہ، وزارت ہاؤسنگ نے نوٹس جاری کر دیا

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا، یہاں جو حلف لیا گیا ہے اس کو واپس ختم کیا جائے، جو فارم 47 والے یہاں آئے ہیں اس کی ہم مذمت کرتے ہیں، ہم اس وقت تک مذمت کریں گے جب تک ہمارے 180 ممبران اور خواتین کا کوٹا نہیں دیا جاتا، آج خواتین کا عالمی دن ہے اور آج خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔

اٹارنی جنرل کا نقطہ نظر

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اجلاس میں صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ملک کی مختلف ہائی کورٹس میں گیا، جن کا حلف لینے سے پشاور ہائی کورٹ نے روکا ان کا حلف آج نہیں لیا گیا، لاہور ہائی کورٹ نے حلف نہ لینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں دیا، پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کا اطلاق پنجاب سندھ اور بلوچستان پر نہیں ہوتا۔

مزیدخبریں