خواتین کو بااختیار بنانا معاشرتی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے،صدر آزادکشمیر

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم اس امر کی تجدید کرتے ہیں کہ خواتین ہمارے معاشرے کی معمار، ہمارے گھروں کا ستون اور ہمارے مستقبل کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ ہماری زندگیوں میں خواتین کا انتہائی اہم کردار ہے کلاس رومز سے لے کر بورڈ رومز تک، میدانوں سے لے کر فرنٹ لائنز تک، خواتین ہماری قوم کے روشن مستقبل کو سنوار رہی ہیں۔ ہمارے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا اہم کردارہے۔ ہمارا مذہب اسلام خواتین کی عزت اور حقوق پر بہت زور دیتا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانا کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ہمیں خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی آزادی پر خصوصی توجہ دینا ہو گی اس سے ہم نہ صرف افراد بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی ترقی دیتے ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ معاشرے کی ترقی خواتین کے مساوی حقوق کے بغیر ممکن نہیں اورہمیں بطور قوم مل کر ایسا ماحول تشکیل دینا ہو گا جہاں خواتین خود کو محفوظ محسوس کریں تاکہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کرملکی اور معاشرتی ترقی میں اپنا بہترین رول ادا کر سکیں اور ایک بہتر قوم کی تربیت کر سکیں۔