ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،عطا اللہ تارڑ

Mar 08, 2025 | 18:07:PM
ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،عطا اللہ تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی،قائد نواز شریف کی قیادت میں ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے گوجرانوالہ میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ گھکڑ کے عوام نے ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اورمسلم لیگ (ن) کا سر فخر سے بلند کیا،ایک سال پہلے اس ملک میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، کچھ ایسے بدبخت تھے جو ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی دعائیں کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ان کاکہناتھا کہ 9 مئی والوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں پر حملے کئے اورنواز شریف کی قیادت میں ہم نے 28 مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ فرق ہمیشہ رہے گا۔

عطا اللہ تارڑ کاکہناتھا کہ ہم 28 مئی والے ہیں،9 مئی والے نہیں،قائد نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کر کے ملکی معیشت کو استحکام دیاجبکہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا،بانی پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔

ان کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی نے لوٹ مار کی سیاست کی،عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں ملکی ترقی کا سفر روکا، آج معاشی اشاریئے مثبت ہیں، مہنگائی میں کمی آئی ہے، پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاﺅنڈ کی ڈکیتی کی،بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کے بچوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا،آج ان کا سوشل میڈیا کا بخار اتر چکا ہے، آج ان کی پارٹی دس حصوں میں بٹ چکی ہے،قوم کو تقسیم کرنے والی جماعت آج خود تقسیم کا شکار ہے،سکیورٹی فورسز ملکی سالمیت کے لئے قربانیاں دے رہی ہیں۔

ان کاکہناتھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقیاتی منصوبے دیئے، گھکھڑ کے اندر ٹریفک کے مسائل حل کئے جائیں گے،اس علاقے نے ہمیں پہچان اور شناخت دی ہے، بلال فاروق تارڑ کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر یہاں سے شروع کیا،جتنے منصوبے آج یہاں شروع ہو رہے ہیں یہ اس علاقے کے عوام کا قرض ہے جو ہم اتارنے آئے ہیں،پیر کوٹ سے کلیر تک 8 کلو میٹر سڑک کی تعمیر ہوگی،آنے والے سالوں میں حلقے کو مزید ترقی دیں گے۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب - قومی
ٹیگز: