شہباز شریف کو روک کرعمران خان کا حکم ماناگیا،مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ شہباز شریف کو روک کر شہزاد اکبر نے عمران خان کے حکم پر عمل کیا۔
لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلیک لسٹ کی قانونی حیثیت نہیں، شہزاد اکبر اور فواد چوہدری کے بیانات آرہے تھے کہ عدالتی حکم نہیں مانتے، اس لیے شہزاد اکبر نے عمران صاحب کے حکم پرعملدرآمد کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح شہبازشریف اورسیاسی مخالفین ہیں، چھوٹے لوگ بڑے عہدے پر آجائیں تو ایسا ہی ہوتا ہے لیکن گھبرانےکی ضرورت نہیں، عوام نے ان کو مسترد کردیا ہے، اب ان کو مسلم لیگ (ن) کے متحد ہونے کا خوف ہے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ کیا شہباز شریف کو روکنے سے عوام کی مشکلات ختم ہوجائیں گی، وہ آج نہیں تو دو دن بعد چلےجائیں گے، ایسی چھوٹی حرکتیں کرکےحکومت کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔اس موقع پر عطا تارڑ نے کہا کہ زلفی بخاری کوساتھ لے جانا ہو تو ڈیڑھ گھنٹے میں کلیئرنس ہوجاتی ہے، زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سےکیسے نکلا تھا سب نے دیکھا جب کہ عدالتی حکم میں شہبازشریف کی روانگی اور واپسی کی تاریخیں درج ہیں، شہباز شریف دو مرتبہ بیرون ملک گئے اور واپس آئے، ہم عدالتی حکم پرعملدرآمد کیلئے قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں نہیں تھا، سپریم کورٹ نے نیب کی شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکی استدعا مسترد کی جس کے بعد نئی لسٹ میں نام ڈال کر شہبازشریف کو روکنا اوچھا ہتھکنڈا ہے، کورٹ کےآرڈر کو نہیں ماننا توہین عدالت ہے، عدالت کے احکامات پر عمل درآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو توہین عدالت کانوٹس جاری