(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت خوشی کے ساتھ قبول کر لی ہے۔
جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں ان کی کابینہ کے اہم ارکان بھی موجود تھے، میری سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ بھی نشست ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ان ملاقاتوں کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور جو گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی اس سے مستقبل کی راہوں کا تعین واضح دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورہ سعودی عرب کے دوران، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خود وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کرنے تشریف لائے، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہماری ایک سمال گروپ ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف اور میں خود موجود تھا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں ان کی حالیہ آؤٹ ریچ کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں، اس معاہدے کی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا جس کے تحت ہمارے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک اسٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان عیدکی چھٹیاں کہاں گزاریں گے۔۔؟