(24 نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ تاجر برادری آگے آئے اور سندھ بالخصوص کراچی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں تاجر رہنماؤں نے ملاقات کی،ملاقات کرنے والوں میں زبیر موتی والا، محمد علی ٹبہ، فواد انور، جاوید بلوانی، ادریس میمن، زبیر چھایا، مسعود نقی، ذکی بشیر، زید بشیر ودیگر تاجر رہنما موجودتھے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وقار مہدی، ناصر شاہ، سعید غنی، اختیار بیگ، علی راشد و دیگربھی ملاقات میں موجودتھے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجروں اور صنعتکاروں کو پیش آنے والے مسائل کے ازالے کےلئے بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر بزنس لائزن کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹیاں لائحہ عمل اور اصول و ضوابط کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو حل کریں گی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ حکومت کی جانب سے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کا ازالہ کیا جانے پر تاجر برادری نے اظہار تشکر کیا، تاجر رہنماﺅں نے بلاول بھٹو کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ملکی برآمدات میں کراچی کا حصہ 50 فیصد ہے، اگر سندھ حکومت تعاون کرے تو اسے دگنا کرسکتے ہیں، ان کاکہناتھا کہ برآمدات میں کراچی کا بڑا حصہ ہے تاہم ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں سے ہمیں مناسب حصہ نہیں ہے، ان کا مزید کہناتھا کہ تاجر برادری نہ صرف گیس کی قلت کا سامنا کررہی ہے بلکہ گیس ٹیرف کے معاملے میں بھی ہم سے امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔
تاجر برادری نے بلاول بھٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ سندھ کو اس کی گیس کا حصہ نہیں دیا جارہا، گھوٹکی گیس فیلڈ کی 110 ایم ایم سی ایف ڈی کا حصہ سندھ کو نہیں دیا گیا، یہ غیرآئینی ہے،انہوں نے کہاکہ دسمبر 2023 میں جی ایس پی پلس کا سٹیٹس ختم ہوجائے گا، اس حوالے سے سفارتی کوششوں کو تیز کیا جائے۔
تاجر رہنماﺅں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ پاکستان کے وزیرخارجہ ہیں، دنیا میں ہمارا پیغام لے کر جائیں کہ ہمیں ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہئے، ان کا مزید کہناتھاکہ کے فور 650 ایم جی بی تھا، عمران خان نے اس منصوبے کو 260 ایم جی بی کردیا، اس فیصلے کو واپس لینے کے اقدامات کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بڑی تبدیلیاں۔پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے کونسے اہم عہدے مانگے ؟ خبر سامنے آ گئی