(ویب ڈیسک) پاکستانی کھانے دنیا بھر میں مشہور ہیں،پاکستانی جہاں بھی گئے اپنے کھانوں کی ریسیپی ساتھ لے کر گئے،امریکا ہویا یورپ،آسٹریلیا ہویا افریقہ پاکستانی کھانوں کے آثار ضرور ملیں گے،آپ نے طرح طرح کے کھانے کھائے ہوں گے،جس کھانے کا یہاں ذکر کیاجارہا ہے شاید ہی آپ نے کھایا ہے،یہ کٹوا گوشت،کٹوا گوشت کیسے تیار کیا جاتا ہے؟
حسن ابدال کا یہ روایتی کھانا ہے،حسن ابدال کے دیہی علاقوں میں آج بھی شادی کی تقریبات میں روایتی کھانوں کا راج ہے۔کٹوا گوشت ایسا ہی ایک روایتی کھانا ہے جو شادی کے موقع پر مٹی کے برتنوں میں خاص طور سے تیار ہوتا ہے اور اس کے بغیر شادی کی تقریبات نامکمل سمجھی جاتی ہیں۔
ضرور پڑھیں:شادی کب ہو گی؟ 22 ملین پاکستانی انتظار کی سولی پر لٹک رہے ہیں
کٹوا گوشت اس قدر لذیذ ہوتا ہے کہ اسے کھانے کے شوقین لوگ دور دراز علاقوں سے بھی دوڑے چلے آتے ہیں۔اسے تیار کرنے کے لیے بیف یعنی بیل یا بھینس کے گوشت کو مٹی کی بڑی بڑی ہانڈیوں میں گھنٹوں تک پکایا جاتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ کٹوا گوشت لکڑی جلا کر تیار کیا جاتا ہے اور گیس پر تیار گوشت کو زیادہ پذیرائی نہیں ملتی۔
کٹوا گوشت میں مختلف قسم کے مصالحہ جات استعمال کیے جاتے ہیں اور اسے تیار ہونے میں 4 سے 5 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔ اسے عام سالن کی طرح نہیں کھایا جاتا بلکہ مٹی کے برتن ہی میں اسپیشل روٹی کی چوری بنا کر، اس پر سلاد اور لیموں ڈال کر لوگ خوب مزے لے کر کھاتے ہیں ۔جو ایک بار کٹوا گوشت چکھ لیتا ہے، وہ نہ صرف اسے کھاتا ہی چلا جاتا ہے بلکہ ساری عمر اس لذیز ڈش کا ذائقہ بھلا نہیں پاتا۔