(24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ آئی ایس پی آر کے بیان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں، الزامات کے حل کیلئے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہاکہ عمران خان نے ایف آئی آر درج کرکے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی کوشش کی ہے، اس قانونی راستے کی حمایت کرنے والے ادارے کا یہ مثبت قدم ہو گا۔
فواد چودھری کا اپنے ٹوئٹ میں کہناتھاکہ آئی ایس پی آر نے حیران کن پریس ریلیز جاری کی ہے، اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان پر قاتلانہ حملہ میں کوئی آفیسر ملوث ہیں تو آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ان کو مطمئن کیا جانا چاہئے کہ ایسا نہیں ہے،پی ٹی آئی رہنما کاکہناتھا کہ الزام کی تحقیقات سے انکار اور ایسی پریس ریلیز سے آپ بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں آپ قانون سے بالاتر ہیں ایسے رویے قوموں کیلئے تباہ کن ہیں۔
قبل ازیں پاکستان آرمی نے عمران خان کے خلاف الزامات پر قانونی کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ، جھوٹے، بدنیتی پر مبنی بیانات اور پروپیگنڈے کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سینئر فوجی افسر پر الزامات پر آئی ایس پی آر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے بغیر ثبوت فوج کے حاضر سروس اعلی افسر کے خلاف انتہائی غیر ذمہ دارانہ و بے بنیاد الزامات لگائے۔
آئی ایس پی آر نے عمران خان کے سینئر فوجی افسر پر الزامات کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے اپنے اعلامیے میں کہا کہ عمران خان نے بغیر ثبوت فوج کے سینئر افسر پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے، من گھڑت، بدنیتی پر مبنی الزامات افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے ہیں، ایک سال سے فوجی اہلکاروں پر سیاسی مقاصد کیلئے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فوجی، انٹیلی جنس اہلکاروں کو اشتعال انگیزی، پروپیگنڈے کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے، متعلقہ سیاسی رہنما قانونی راستہ اپنائیں، جھوٹے الزامات لگانا بند کریں، ادارہ، جھوٹے، بدنیتی پر مبنی بیانات اور پروپیگنڈے کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عید الاضحی پر 9 چھٹیاں، بڑی خبر آگئی