ہر ضلع میں عوام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ صحت سہولیات دینا چاہتے ہیں: مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ عام آدمی کو علاج کی اعلی ترین سہولتیں دیں گے، ہر ضلع میں عوام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ فیسلیٹی بنانا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہیلتھ ریفارمز سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ایک اور چال, سیف اللہ نیازی کو ٹاسک دے دیا
اجلاس میں اٹک، لیہ میانوالی ،وہاڑی بھکر اور جہلم میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے میڈیکل کالج کے قیام کی تجویز ، ہیلتھ ریفارمز او ردیگر اقدامات کاجائزہ لیا گیا، ہسپتالوں کی تعمیر وبحالی،کلینک آن وہیل ،فری میڈیسن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سابق دور حکومت میں ہیلتھ پر توجہ نہ دینے پر اظہارِ افسوس کیا، انہوں نے مری ہسپتال پراجیکٹ میں سرکاری خزانے کو 4 ارب روپے نقصان پہنچانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا، اجلاس میں سابق دور میں سرکاری خزانے کو 4 ارب نقصان پہنچانے پر قانونی کاروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے 2500 بی ایچ یو اور 300 آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم جاری کرتے ہوئے مری میں نئے ہسپتال کے قیام کے لئے فوری اقدامات کرنے، جہلم، اٹک، میانوالی، مری، ساہیوال اور سیالکوٹ میں انجیو گرافی مشین مہیاء کرنے کی ہدایات جاری کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سابق دور حکومت میں عوام کو صحت کی سہولیات پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے، عوام کے روپے پیسے کی حفاظت ہمارا فرض ہے، نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے، ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ فیسلیٹی بنانا چاہتے ہیں، عام آدمی کو علاج کی اعلی ترین سہولتیں دیں گے۔