(24 نیوز) قومی سلامتی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ختم ہوگیا ۔ اجلاس ساڑھے5گھنٹےتک جاری رہا ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے طلب کئے گئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی (پی سی این ایس) کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ختم ہو گیا۔قومی سلامتی کے امور پر فوجی حکام نے بریفنگ د ی۔اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت وفاقی وزرا اور چاروں وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔
قومی اسمبلی کے مرکزی ہال میں منعقدہ اجلاس کے لئے ارکان اسمبلی، سینیٹرز، اراکین وفاقی کابینہ، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سمیت 80 سے زائد افراد کو دعوت نامے ارسال کئے گئے تھے۔
اجلاس سے واپسی پر ایک صحافی نے شیخ رشید سے ٹی ٹی پی سےمتعلق سوال کیا جس پر شیخ رشیدنے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان سےمتعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ارکان اجلاس کے دوران اسپیکر کی اجازت سے کسی بھی معاملے کو اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی عمارت کے اندر میڈیا کو داخلے کی اجازت نہیں تھی۔
دوسری جانب اے این کے رہنمائوں نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے دوران میڈیا پر پابندی کیخلاف احتجاج کیا۔اے این پی رہنما زاہد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے دوران میڈیا پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے اور اس کی شدید مذمت کرتے ہیں‘۔
اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کے لئے ہے، اس میں میڈیا کی پابندی عوام کی آواز اور حقائق پر ڈاکے کے مترادف ہے۔ ماضی میں بھی سول اور عسکری قیادت پارلیمان میں آتی رہی ہیں لیکن کبھی میڈیا پر پابندی نہیں لگی، موجودہ حکومت مسلسل میڈیا پر قدغن لگانے میں مصروف ہے۔
انہوں نے اسپیکر اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اسد قیصر اسپیکر ہونے کے باوجود پارلیمان کو بے توقیر کر رہے ہیں، اس سے قبل وہ میڈیا گیلری کو تالے بھی لگوا چکے ہیں‘۔
یاد رہے کہ پی سی این ایس کا یہ تیسرا اجلاس ہے، اس سے قبل ستمبر میں آخری اجلاس میں افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک لبیک کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان