زندگی بدل دینے والی 20 بہترین فلمیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حافظہ فرسہ رانا)انسپائرنگ لفظ کے متعدد معنی ہیں جن میں سے ایک متاثرکن بھی ہے مگر اسے پرجوش، متحرک، سانس لینے، محرک اور دیگر معنوں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔کئی بار کچھ ایسا ہوتا ہے جو آپ کو ایسے متاثر کرتا ہے کہ شخصیت کو بدل کر رکھ دیتا ہے اور اس حوالے سے فلموں کے کردار کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ایسی فلموں کی تعداد کم نہیں جو لوگوں میں امید اور حوصلہ جگانے کا کام کرتی ہیں۔
تو ایسی ہی لوگوں کو متاثر کرنے والی فلموں کے بارے میں جانیں:ّّ
بریٹنی رنز اے میراتھون (2019)
یہ ایک ایسی خاتون کی کہانی ہے جس کا جسمانی وزن زیادہ ہوتا ہے مگر وہ اپنے جسم اور زندگی دونوں کو بدلنا چاہتی ہے۔ایک ڈاکٹر کے پاس جانے کے بعد اسے پتا چلتا ہے کہ اس کی صحت کتنی خراب ہے اور جسمانی وزن میں کم کرنے کے لیے وہ دوڑنے کو عادت بناتی ہے۔اس کا مقصد نیویارک سٹی میراتھون میں شرکت کرنا ہوتا ہے۔اس فلم میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ اپنی زندگی کو بدلنا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے بس پختہ عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔
The Bucket List (2007)
یہ 2 ایسے افراد کی کہانی بیان کرتی ہے جو بہت زیادہ بیمار ہوتے ہیں اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ وہ 6 ماہ سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکیں گے، جس کے بعد وہ زندگی کو کھوجنے نکلتے ہیں اور ان سرگرمیوں کی فہرست مرتب کرتے ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کی تھیں۔
اس فلم میں بتایا گیا کہ زندگی میں کچھ بھی نیا کرنا کسی بھی وقت ممکن ہے اور ہمت ہارنے سے تکلیف بڑھنے کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔
شیف (2014)
یہ ایک ایسے شیف کی کہانی ہے جسے ایک معروف ہوٹل سے نکال دیا جاتا ہے، جس کے بعد وہ فوڈ ٹرک کے ذریعے نئے آغاز کی کوشش کرتا ہے۔
اس فلم کی کہانی میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ آپ کی زندگی میں موجود افراد کی شخصیت اہمیت رکھتی ہے، اگر مایوس یا دل شکستہ افراد اردگرد ہوں گے تو آپ بھی ناکام ہی رہیں گے، جبکہ حوصلہ دینے والے افراد آپ کو گر کر دوبارہ اٹھنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔
گڈ ول ہنٹنگ (1997)
یہ ایک ریاضی کے ماہر کی کہانی ہے جو ریاضی کے مشکل ترین مسائل تو حل کرلیتا ہے مگر جب اسے جذباتی بحران کا سامنا ہوتا ہے تو وہ ایک ماہر نفسیات کی مدد لینے پر مجبور ہوجاتا ہے۔یہ ماہر نفسیات اس نوجوان کی صلاحیت کو ابھارتا ہے۔
یہ فلم لوگوں کے اندر زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے دوسروں کا تعاون حاصل کرنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے جس سے وہ ایسے کام بھی کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں جس کا کبھی انہوں نے خیال بھی نہیں کیا ہوتا۔
گراؤنڈ ہوگ ڈے (1993)
اس فلم کی کہانی بہت دلچسپ ہے جو ایک موسم کا حال بتانے والے شخص کے گرد گھومتی ہے جو ٹائم لوپ میں پھنس جاتا ہے، یعنی ایک ہی دن بار بار گزارنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔پہلے وہ اپنی زندگی میں زیادہ اچھا انسان نہیں ہوتا مگر ایک ہی دن بار بار گزارنے سے اس کی شخصیت ایک اچھے فرد میں بدل جاتی ہے۔اس فلم میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ زندگی بہت مختصر ہے مگر خود کو بدلنا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔
ہڈن فیگر (2016)
یہ امریکی خلائی ادارے ناسا میں خدمات سرانجام دینے والی 3 سیاہ فام خواتین کی جدوجہد کے گرد گھومنے والی فلم ہے۔ان خواتین نے نسلی اور صنفی امیتاز کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ناسا کے اہم ترین خلائی مشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔یہ فلم ہر فرد کی کامیابی کا پیغام دیتی ہے، بس انہیں آواز بلند کرنے کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ انہیں دبایا نہ جاسکے۔
جولی اینڈ جولیا (2009)
ایک خاتون جولی اپنی ملازمت سے تنگ آکر ایک پراجیکٹ پر کام شروع کرتی ہے اور جولیا چائلڈز کی کک بک کے تمام 524 پکوانوں کو تیار کرنے کا عزم کرتی ہے۔یہ فلم محبت اور مقصد کے حصول کا سبق دیتی ہے خاص طور پر یہ احساس پیدا کرتی ہے کہ غذا سے لطف اندوز ہونا زندگی کا سب سے سکون دہ تجربہ ہوتا ہے۔
لائن (2016)
یہ ایک ایسے نوجوان کی کہانی ہے جو بچپن میں اپنے خاندان سے بچھڑ جاتا ہے جس کے بعد اسے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا جوڑا گود لے لیتا ہے، مگر 25 سال بعد وہ اپنے والدین کو ڈھونڈنے کے لیے بھارت واپس لوٹتا ہے۔
یہ کہانی کبھی ہمت نہ ہارنے کا سبق دیتی ہے کیونکہ چند یادوں کے ساتھ کروڑوں افراد میں خاندان کو ڈھونڈنا آسان نہیں ہوتا۔
دی پرسیوٹ آف ہیپی نیس (2006)
یہ فلم ایک ناکام سیلز مین کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جس کی ناکامیوں کے باعث بیوی بیٹے کو اس کے پاس چھوڑ کر چلی جاتی ہے، جبکہ وہ اس دوران اپنے خواب کی تعبیر کے لیے ایک بروکر فرم میں بغیر معاوضے کے انٹرن شپ کررہا ہوتا ہے۔اس میں پرعزم رہنے اور کبھی اپنے خواب کی تعبیر سے پیچھے نہ ہٹنے کا پیغام اس انداز سے دیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کی آنکھوں کو نم کردیتا ہے۔
دی سیکرٹ لائف آف والٹر میٹی (2013)
یہ ایک ایسے شخص کی زندگی ہوتی ہے جس کی زندگی بہت بیزار کن ہوتی ہے اور وہ اس کو رومان و ایکشن سے بھرنا چاہتا ہے، تو جب اس کی ملازمت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو وہ رومان اور ایکشن سے بھرپور سفر کا آغاز کرتا ہے۔
اس فلم میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ دوسروں کے سامنے ہار ماننا چھوڑ کر ایسی شخصیت میں ڈھل جائیں جس کا خواب آپ کی آنکھوں میں بسا ہے۔؎
دی شاشنک ریڈیمپشن (1994)
یہ فلم ایک جیل اور اس میں قید قیدیوں کے گرد گھومتی ہے جن میں سے ایک قیدی کو بیوی اور اس کے مبینہ آشنا کے قتل کے الزام پر 2 بار عمر قید کی سزا سنائی جاتی ہے، حالانکہ اس نے جرم نہیں کیا ہوتا۔ یہ کوئی ایکشن یا تھرلر فلم نہیں بلکہ اس کی کہانی سست رفتاری سے آگے بڑھتی ہے جس کے کردار آزادی اور گر کر ابھرنے کی جدوجہد کررہے ہوتے ہیں۔
اس فلم میں محنت، غیر مشروط محبت، رحم دلی، ہمدردی اور باہمی تعاون جیسی اقدار پر زور دیا گیا ہے، مگر سب سے زیادہ زور گر کر دوبارہ اٹھنے پر دیا گیا ہے۔
سول سرفر (2011)
یہ ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو سرفنگ چیمپئن ہوتی ہے مگر ایک بار سرفنگ کے دوران شارک کے حملے کے باعث ایک ہاتھ سے محروم ہوجاتی ہے۔اس فلم میں ناظرین کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ زندگی میں کسی بھی حادثے سے ہمت مت ہاریں بلکہ مشکلات سے لڑ کر ایک بار بھر ابھرنے کی کوشش کریں، زندگی میں آگے بڑھنا ہی ناکامی یا مشکلات سے باہر نکلنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
وائلڈ (2014)
یہ ایک مطلقہ خاتون کی کہانی ہے جو نئی زندگی کا آغاز کرنے کے لیے 1100 میل طویل راستے پر ہائیکنگ کا فیصلہ کرتی ہے۔یہ ایک حقیقی سوانح حیات پر مبنی فلم ہے جس میں انسان کو بدلنے کا پیغام دیا گیا ہے اور انسانی روح کی مضبوطی کو سراہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
یس مین (2008)
یہ ایک بینک میں کام کرنے والے شخص کی کہانی ہے جو اپنی زندگی میں ہر چیز کو انکار کرنے کا عادی ہوتا ہے جس کے دوران ایک سیمینار میں شرکت اسے بدل دیتی ہے اور وہ ہر چیز کو ہاں کہنے لگتا ہے۔
اس فلم میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ نئی چیزوں اور خیالات کے لیے ہمیشہ ذہن کو کھلا رکھنا چاہیے ورنہ یہ کبھی علم نہیں ہوسکے گا کہ دوسری جانب کیا ہے۔
فورسٹ گمپ (1994)
یہ کہانی فورسٹ گمپ نامی شخص کے گرد گھومتی ہے جو زیادہ ذہین تو نہیں ہوتا مگر حادثاتی طور پر متعدد تاریخی لمحات کو جنم دینے کا باعث ضرور بن جاتا ہے جسے اس کی ماں زندگی گزارنے کا طریقہ سیکھاتی ہے اور اسے اپنی قسمت کا فیصلہ خود چننے کے لیے چھوڑ دیتی ہے۔
یہ فلم حال کی زندگی کو سراہنے کا پیغام دیتی ہے کیونکہ یہ کسی کو معلوم نہیں کہ مستقبل میں کیا ہوگا یا زندگی کس حد تک مشکلات کا شکار ہوجائے گی۔
راکی (1976)
یہ ایک باکسر کی کہانی ہے جو فلاڈلفیا سے تعلق رکھتا ہے اور ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بننے کا خواب دیکھتا ہے۔یہ فلم عزم کی اہمیت کا سبق دیکھتی ہے، جو خواب دیکھتے ہیں اس کی تعبیر کے لیے عزم بہت ضروری ہوتا ہے جس سے آگے بڑھنے کا راستہ مل جاتا ہے جبکہ گر کر بھی اٹھنا بھی ممکن ہوجاتا ہے۔
دی ٹرومین شو (1998)
یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے مگر پھر اسے احساس ہوتا ہے کہ وہ تو درحقیقت دنیا کے مقبول ترین ٹی وی شو کا حصہ ہے جس کے لیے اس کی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔
اس فلم میں پیغام دیا گیا ہے کہ دوسروں کی رائے اہمیت نہیں رکھتی بلکہ آپ کا اپنا فیصلہ زندگی کے لیے اہم ہوتا ہے، اگر آپ دوسروں کی رائے کے سامنے جھک جائیں گے تو زندگی بھر جھکے رہیں گے۔
12 اینگری مین (1957)
یہ قتل کے ایک مقدمے کا فیصلہ کرنے والی جیوری کے گرد گھومنے والی فلم ہے جس میں ایک فرد ملزم کو مجرم قرار دینے سے انکار کرتا ہے اور پھر جیوری کے تمام اراکین کو اپنی رائے بدلنے پر مجبور کردیتا ہے۔
اس فلم کا پیغام واضح ہے کہ زندگی میں بیشتر افراد مسترد کیے جانے یا مذاق اڑانے کے ڈر سے دوسروں کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں، تو ہجوم کے سامنے اپنی آواز بلند کرنے سے گھبرائے مت اور جو رائے رکھتے ہیں وہ سب کے سامنے رکھ دیں۔
ای ٹی دی ایکسٹرا Terrestrial (1982)
یہ ایک ایلین کی کہانی ہے جو زمین پر اکیلا رہ جاتا ہے اور ایک بچہ اسے چھپا کر رکھنے کا فیصلہ کرتا ہے اور بتدریج وہ ایلین کئی دوست بنالیتا ہے۔یہ فلم پیغام دیتی ہے کہ اپنے سے مختلف افراد کو قبول کرلیں، کیونکہ اس سے ہی دوستی، وفاداری، ہمت اور بے غرض فطرت کا اظہار ہوتا ہے۔
ریمیمبر دی ٹائٹنز (2000)
یہ ایک سیاہ فام رگبی کوچ کی کہانی ہے جسے ایک ہائی اسکول میں کوچ کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔یہ ایسا اسکول ہوتا ہے جہاں ایک سفید فام اور ایک سیاہ فام اسکول کو متحد کردیا جاتا ہے جس کے باعث رگبی ٹیم کو نسل پرستی جیسے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔اس میں اہم پیغام یہ ہے کہ کوئی ٹیم اسی وقت کامیاب ہوسکتی ہے جب سب مل کر کوشش کریں اور اپنی ذاتی رنجشیں ایک طرف رکھ کر اکٹھے ہوں تو کامیابی قدم چومتی ہے۔آسان الفاظ میں متحد ہونا کامیابی کی کنجی ثابت ہوتا ہے۔