پاکستان اور آذربائیجان کے عوام مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہیں، مرتضیٰ سولنگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے آذربائیجان کے ”یوم فتح“ پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان کنیکٹیویٹی پراجیکٹس کیلئے ایک مرکز کے طور پر ابھرا ہے، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی متحرک قیادت نے جمہوریہ آذربائیجان کو اقتصادی حب میں تبدیل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان نے توانائی کے بڑے منصوبوں کا آغاز کیا، گزشتہ برس پاکستان سے 50 ہزار سے زائد افراد نے آذربائیجان کے سیاحتی دورے کیے، آذربائیجان کی قومی ایئر لائن AZAL کے پاکستان کیلئے فضائی آپریشنز کا آغاز خوش آئند ہے، اس سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی دن آذربائیجان 30 برس تک زیر قبضہ رہنے والے اپنے علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی متحرک قیادت نے جمہوریہ آذربائیجان کو علاقائی اقتصادی حب میں تبدیل کیا اور حال ہی میں آزاد ہونے والے اپنے علاقوں کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں بیرپاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے امارات میں جاری روڈ شو کا آخری روز
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان نے اپنے ان علاقوں میں فضائی اڈے، جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا اور شہروں اور دیہات کو بحال کیا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران تجارت میں اضافہ ہوا ہے اور مستقبل قریب میں دوطرفہ تجارت میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔