(فاران یامین) دھواں چھوڑنے اور بغیر حفاظتی اقدامات چلنے والی گاڑیوں کیخلاف مڈنائٹ آپریشن، 713 چالان ٹکٹس جاری اور 313 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔
باغوں کے شہر لاہور میں سموگ کا راج برقرار، فضائی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے انتظامیہ حرکت میں آ گئی، دھواں چھوڑنے اور بغیر حفاظتی اقدامات چلنے والی گاڑیوں کیخلاف مڈنائٹ آپریشن کیا گیا، مڈنائٹ آپریشن کے دوران 713 چالان ٹکٹس کاٹے گئے اور 313 گاڑیاں بند کروا دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سموگ کا راج برقرار، بارش کی نوید بھی آ گئی
شہر کے داخلی و خارجی تمام راستوں پر خصوصی چیکنگ ٹیمیں تعینات کر دی گئیں اور خطرناک حد تک اوور لوڈ گاڑیوں کےخلاف مقدمات درج کروانے کاحکم بھی جاری کر دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیوں سے ہزگز کھیلنے نہیں دیا جائے گا، روڈ پر آنے والی گاڑی مکمل طور پر فٹ اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ آئے، سموکی وہیکلز اور خطرناک حد تک لوڈر گاڑیوں کےخلاف زیروٹالرنس پالیسی ہوگی، رات کے وقت شہر میں پٹرولنگ ڈیوٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے مٹی، ریت، بھوسے وغیرہ لیجانے والی گاڑیوں کو مکمل ڈھانپنے کا حکم جاری کرتے ہوئے فوگ کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پراضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔