(امانت گشکوری)چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جاری ہے جس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی نامزدگی کیلئے غور ہوگا۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور آئینی بینچز کے سربراہ جسٹس امین الدین خان بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ محمد شفیع صدیقی، سینیٹر فاروق نائیک، ممبر قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد، روشن خورشید بروچہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان شریک ہیں۔
اسکے علاوہ، وزیر قانون سندھ ضیاء الحسن، شبلی فراز، عمر ایوب، نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین اور ممبر سندھ بار کونسل قربان علی بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی ہدایات پر 11 اور 12 نومبر کیلئے ججز روسٹر جاری کردیا گیا۔
11 اور 12 نومبر کیلئے مجموعی طور پر 7 بنچز تشکیل دیئے گئے ہیں، بنچ نمبر ایک میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہیں، بنچ نمبر 2 میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔
بنچ نمبر 3 جسٹس امین الدین، جسٹس عرفان سادات اور جسٹس شاہد بلال جبکہ بنچ نمبر 4 جسٹس جمال مندو خیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شہزاد خان پر مشتمل ہے۔
اسی طرح بنچ نمبر 5 میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان، بنچ نمبر 6 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں جبکہ دوپہر کا اضافی بنچ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہوگا۔