محکمہ موسمیات کی موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

Nov 08, 2024 | 10:33:AM
محکمہ موسمیات کی موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)نومبر شروع ہو گیا مگر موسم نہ بدل سکا، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں  میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم  پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر  لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ 30ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔  لاہور آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں آج دوسرے نمبر پر براجمان ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 682ریکارڈ   کی گئی ہے۔ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کے روز خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ  چند مقامات پر ہلکی بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شام/رات میں چترال، دیر، سوات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور بلندو بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

 دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ ، سرگودھا، جھنگ، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور گردونواح میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

منگلا، راولپنڈی، چکوال، جہلم، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں چند مقامات پرصبح کے اوقات میں دُھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح /رات کےاوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔