فلمی ستاروں نے سرکاری اعزازات حکومت کو واپس کرنے کااعلان کردیا
حکومت کوئی سہولت فراہم نہیں کرتی، اعزازات صرف دیوار کی زینت بن کر رہ گئے، سیدنور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار سید نور اور دیگرفلمی ستاروں نے اپنے سرکاری اعزازات حکومت کو واپس کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ اعزازات صرف دیوار کی زینت بن کر رہ گئے ہیں۔
سیدنورنے یہ اعلان اداکارہ میراکی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیے کے دوران کیاجو پاکستان فلم پروڈیوسر زایسوسی ایشن کے اعزاز میں دیا گیا تھا،وہاں موجود تمام فلمی شخصیات نے تالیاں بجا کر اس فیصلے کی حمایت کی۔
سیدنور کا کہنا تھا کہ حکومت فن کاروں کو کوئی سہولت فراہم کرتی ہے نہ ٹرین میں آدھے ٹکٹ پر سفر کا موقع ملتا ہے اور نہ ہی ہوائی سفر میں کوئی رعایت دی جاتی ہے۔
عشائیے میں نامور فلمی شخصیات نے شرکت کی جن میں پاکستان فلم پروڈیوسرزایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین شہزاد رفیق،معروف ہدایت کار مسعود بٹ، فلم سازصفدر ملک، اداکارمعمر رانا،اداکارہ لیلیٰ ,گلوکار وارث بیگ اورموسیقارذوالفقارعلی عطر ے شامل تھے۔
معمر رانا نے اس موقع پر کہا کہ کچھ لوگ ہمیں فلم انڈسٹری کے زوال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ہمیں آپ نے دیا کیا ہے؟
اداکارہ میرانے اس موقع پرکہا کہ اگر وہ پاکستان فلم انڈسٹری کی اصل کہانی سنائیں گی تو وہ جذباتی ہو جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ان کے دل اور آنسو اس انڈسٹری سے جڑے ہیں، جس کی کہانی ایک پل میں نہیں سنائی جا سکتی۔