سموگ تدارک، لاہور سمیت پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا

پنجاب حکومت جمعہ اور ہفتہ کو سرکاری چھٹی دینے پر سنجیدہ، لاہور پولیس بھی ماحولیاتی تحفظ کیلئے سر گرم ، متعدد گرفتار

Nov 08, 2024 | 11:28:AM
سموگ تدارک، لاہور سمیت پنجاب بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ملک اشرف،کومل اسلم،عرفان ملک)پنجاب زہریلی فضاکی لپیٹ میں ،لاہور،ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں اسموگ کے ڈیرے ،ملتان میں صبح سویرے ائیرکوالٹی انڈیکس1635تک پہنچ گیا،لاہورمیں سموگ کی اوسط شرح 682 ریکارڈ،باغوں کاشہردوسرے نمبر،مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیدیا،اتوارکوبازار نہیں کھلیں گے،لاہورہائیکورٹ نے دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کاحکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے لاری، بسوں، ٹرک اور ٹرالر کے لاہور شہر میں داخلے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرک اور ٹرالر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں، ڈولفن پولیس اور پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے تعینات کئے جائیں، ہر سماعت پر حکومت کو سموگ کنٹرول کیلئے اقدامات کا کہتے رہے، اصل آلودگی کا باعث ہیوی ٹریفک کا دھواں چھوڑنا ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ سموگ کیس میں ورک فرام ہوم کی پالیسی شروع کی جائے، پورے پنجاب میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کی جائیں، صوبے میں مارکیٹیں اتوار کو بھی بند رکھی جائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے موٹر وے اور رنگ روڈز داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔

دوسری طرف پنجاب حکومت نے بھی سموگ کے تدراک کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں،تمام سرکاری گاڑیوں کو سموگ فری کرنے اور10سال پرانی تمام سرکاری گاڑیوں کوچلانےپرپابندی لگانےکی تجویز زیر غور ہے ۔سکولوں کو 2 یا 3 روز آن لائن چلانے کی تجویز پر کام شروع کر دیا گیا ہے،سرکاری دفاتر میں آدھے ملازمین سے کام لیا جائے گا،آدھے ملازمین ایک روز اور آدھے ملازمین دوسرے روز دفتر آئیں گے،پرائیویٹ دفاتر میں جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی تجویز زیر غورہے ۔جمعہ اور ہفتہ کو سرکاری طور پر چھٹی،سکولوں میں 50 فیصد حاضری رکھنے کی تجویززیرغورہے، دوسری طرف 50فیصد طلباکو ایک روز اور باقی 50 فیصد کو دوسرے روز بلانے کی تجویز بھی زیر غور، اطلاعات ہیں کہ تمام اقدامات فروری تک لاگو رہیں گے۔

 لاہور پولیس  بھی ماحولیاتی تحفظ کے لئے سرگرم ہے ،سموگ کی رو ک تھام کیلئے 200مقدمات درج،212ملزمان گرفتار کر لئے،فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر 8ملزمان کوگرفتار کیا گیا جبکہ کنسٹرکشن مٹیریل کے87ملزمان ، فصلوں کی باقیات جلانے پر18اورسٹی ڈویژن میں انسدادِ سمو گ کے57ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔کینٹ میں 75، سول لائنز21، صدر6، اقبال ٹاؤن میں 5 اور ماڈل ٹاؤن میں 48ملزمان گرفتارکئے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں سی سی پی اور لاہور نے کہا کہ سموگ کاباعث بننےوالےعناصرکیخلاف زیرو ٹالرنس کارروائیاں جاری ہیں،فضائی آلودگی کےپیش نظرجاری حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا  ہے۔