(مانیٹرنگ ڈیسک)جب سے سوشل میڈیا عام ہوا ہے تب سے دنیا بھر کے لوگ منفرد نظر آنے کے چکر میں عجیب و غریب حرکات و سکنات کرتے ہوئے ویڈیو ز اور تصاویر مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شئیر کرتے رہتے ہیں ۔ اسی طرح مصر میں ایک جوڑے نے اپنی شادی پر انوکھی نوعیت کے "فوٹو سیشن" کے سبب سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیرت اور تعجب میں ڈال دیا۔ المنوفیہ صوبے میں ہونے والے اس فوٹو سیشن میں دولہا اور دلہن مٹی میں کھیلتے ہوئے نظر آئے۔
العربیہ اردو کی ویب رپورٹ کے مطابق نوبیاہتا جوڑا اپنے فوٹو سیشن کے دوران شادی کے لباس میں گیلی مٹی میں لتھڑے ہوئے تھے۔ فوٹو سیشن کرنے والے فوٹوگرافر نے کیچڑ کے تالاب میں کھیل کود کرنے والے جوڑے کی متعدد تصاویر بنائیں۔ ان تصاویر کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مزاحیہ تبصرے کیے گئے۔ مزید یہ کہ تصاویر کو وسیع پیمانے پر شیئر بھی کیا گیا۔
رپورٹ کےمطابق فوٹو سیشن کی تصاویر لینے والی ٹیم کے ایک رکن محمد جمال کے مطابق اس طرح کے سیشن کا خیال بے ساختہ وارد ہوا اور اس کی پیشگی تیاری نہیں کی گئی تھی۔ جمال نے بتایا کہ "یہ جوڑا المنوفیہ کے ایک زرعی علاقے میں بعض تصاویر بنوا رہا تھا کہ اچانک دولہا اور دلہن نے کیچڑ سے بھرے ایک تالاب میں اتر جانے کا فیصلہ کر لیا۔ یقینا یہ ایک دیوانگی کی حرکت تھی"۔ کیچڑ کے اندر دولہا دلہن کے فوٹو سیشن نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چھوٹی سےغلطی۔۔۔ کوئی بھی مرد میرا پارٹنر بننے کو تیار نہیں، لڑکی کی دہائی