جشن عید میلاد النبی ﷺ ،ہر طرف رنگ ونور کی برسات،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

Oct 08, 2022 | 13:28:PM

 (ویب ڈیسک) ہجری کیلنڈر میں ربیع الاول تیسرا مہینہ ہے۔ اسلام کی تاریخ میں یہ مہینہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ربیع کا مطلب ’بہار’ جبکہ اول کا مطلب پہلا ہے۔ ربیع الاول کا اجتماعی معنی پہلی بہار ہے۔ اس مہینے کی 12 تاریخ کو حضرت محمدﷺ کی پیدائش ہوئی تھی۔ مسلمان آپﷺ کی پیدائش کے دن کو عید کے طور پر مناتے ہیں۔  

نبی آخرالزماں،رحمت اللعالمین،محسن انسانیت آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰﷺکاجشن ولادت جوش و خروش سے منایا جارہا ہے،ملک کا کونہ کونہ،قریہ قریہ، سب گلیاں بازار سج گئے ہیں،نبی پاکﷺ کے حضور دوروسلام کے نذرانے،فضا میں سرکار کی آمد مرحبا،،سیدی مرشدی یا نبی نبی کی صدائیں۔

 ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ تہوار کو منانے کیلئے مختلف جگہوں پر چھوٹی اور بڑی سطح پر میلاد اور محفلوں کا انتطام بھی کیا گیا ہے۔   اس تہوار کے متعلق بچوں کا جوش و خروش بھی قابل دید ہوتا ہے۔ ہر گلی محلے میں چھوٹی چھوٹی پہاڑیاں بنائی جاتی ہیں.

ربیع الاول کے احترام میں منہاج القران کے  زیر اہتمام  محفل میلاد کا انعقاد  کیا  گیا، جس میں  علامہ طاہر القادری نے خطاب کیا۔جشن عید میلاد البنیﷺ پر دن کاآغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی ۔لاہور کے ایوب اسٹیڈیم میں پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے 21توپوں کی سلامی دی، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔

سیکیورٹی کیلئے جلوس کے راستوں پر کینٹینرز اور تاریں نصب

وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ ملک کے کونے کونے میں ریلیاں اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس کے گزرنے کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں اور لنگر اور سبیلوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کیلئے جلوس کے راستوں پر کینٹینرز اور تاریں نصب کی گئی ہیں۔ 

رینالہ خورد میں 500 پاؤنڈ کاکیک کاٹا گیا۔مٹھائیاں بھی تقسیم،سکھر میں عاشقان رسول ﷺ کی دریائے سندھ میں کشتیوں پرریلی،ملتان کے محلہ داؤد جہانیاں سے اونٹوں کی ریلی نکالی گئی،ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس۔ فضا دورود سلام کے نعروں سے گونج اٹھی۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کے جشن ولادت رسولﷺ پرپیغامات
صدر عارف علوی نے کہا کہ  حضورﷺکی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے۔معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔ وزیراعظم شہبازشریف نےکہا ۔۔انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اطاعت نصیب فرمائے۔


سابق صدر آصف علی زرداری کاجشن عیدمیلادالنبی ﷺ پرپیغام میں کہنا ہے کہ پیارےنبی ﷺ کی تعلیمات سب سےعظیم تعلیمات ہیں،اللہ ہمارےدلوں کواسلام کی تعلیمات سے منور کرے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ  آمدِ رسولﷺ سے انسانیت نے اپنے کھوئے ہوئے اعلیٰ اقدار اور اخلاقیات کو واپس حاصل کیا۔ دعا ہے اللہ ہمیں اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزیدخبریں