(ویب ڈیسک) سینئیر اداکارہ اور ماڈل عتیقہ اوڈھو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے خواتین اور لڑکیوں کو غیر متوازن تعلقات کے بارے میں ہدایت دی۔
اداکارہ نے اپنا شادی کا ذاتی تجربہ شئیر کرتے ہوئے خواتین کو ہدایات کیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ اس امید میں لکھ رہی ہوں کہ شاید یہ کسی کو اس بات کا احساس دلا سکے کہ آپ کی زندگی آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ ذہنی اور جسمانی زیادتیوں سے سہنے کے بعد خاتون ہونے کے ناطے میرا یہ فرض ہے کہ میں دوسروں کو غیر متوازن رشتوں سے چھٹکارا پانے میں مدد کروں۔ کسی کی بھی جانب سے کسی بھی قسم کی زیادتی ناقابل قبول ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ دور چلے جائیں اور واپس مڑ کر نا دیکھیں۔ اگر آپ کسی کو ایک دفعہ بدسلوکی کرنے کی اجازت دیں گے تو یہ ان کی عادت بن جائے گی اور وقت گزرنے کے ساتھ شدت اختیار کر لے گا۔ زیادتی کرنے والا اس چیز کا عادی ہو جائے گا اور کبھی بھی نہیں رکے گا۔ آپ کی زندگی، عزت نفس اور خودی بہت قیمتی ہے اس پر خود اختیار رکھیں اور مضبوط رہیں۔ بہت سے لوگ آپ کو ایسی باتیں کہیں گے جو آپ کو کمزور کریں گی مگر آپ انکی نا سنیں۔ صرف اپنے دماغ کی سنیں۔ اداکارہ نے بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہتر کر سکتے ہیں تو اپنی زندگی پر سمجھوتہ نا کریں اور دور چلے جائیں۔