(ویب ڈیسک) امریکا اور برطانیہ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کردیا۔
مشرقی وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اسرائیل کی سلامتی کیلئے ہماری انتظامیہ کی حمایت مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔
اس حوالے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا بیان جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ہم اسرائیل کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان حملوں میں اسرائیلی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: حماس کے بعد حزب اللہ بھی اسرائیل کے خلاف جنگ میں شامل
دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ کی طرف سے بھی اسرائیل کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا گیا کہ ‘برطانیہ واضح طور پر اسرائیلی شہریوں پر حماس کے ہولناک حملوں کی مذمت کرتا ہے اور ہمیشہ اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرے گا۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے حملے کیے ہیں، جن میں 300 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 800 سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ متعدد کو یرغمال بنا لیا گیا۔