فلسطین اسرائیل صورتحال، مولانا فضل الرحمان کا مؤقف سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خان) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ فلسطینیوں کے مؤقف کو صحیح سمجھا ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کے مؤقف کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے آج بھی اپنے اس مؤقف کا اعادہ کرتے ہیں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی اور معرکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین نے اپنےعلاقوں کوغاصبانہ قبضے سے چھڑایا ہے اس پر فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا سمجھ رہی تھی کہ مسئلہ فلسطین مردہ بن چکا ہے۔ ہمارے ہاں ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی ہے۔ تازہ واقعے نے ثابت کیا کہ مسئلہ فلسطین مردہ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: فلسطینی ظلم کیخلاف لڑ رہے ہیں اور مسلمان حکمران ڈر رہے ہیں، سراج الحق
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ اس حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کردیا ہے، اسرائیل کوئی بڑی قوت نہیں بلکہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ فلسطینی بھائیوں سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق کا احترام کریں، بچوں،عورتوں اور عام شہریوں کو گزند نہ پہنچائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اپنا فرض پورا کرے، 1967ء کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے، او آئی سی کا فوری اور بھرپور اجلاس طلب کیا جائے، قابل احترام دوست ملک سعودی عرب سے کردار کی توقع رکھتے ہیں۔
پاکستان اور دیگر اسلامی ملک فوری نئے زاویے سے مؤقف کا تعین کریں۔ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے، آئندہ جمعےکوملک بھر میں اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔