8 اکتوبر2005:قیامت خیز زلزلے کو 19 برس بیت گئے

آزاد جموں و کشمیر میں قیامت خیز زلزلے نے آسمان کو چھوتی بلندوبالا عمارتوں کو تہہ وبالا کردیا تھا، مجموعی طور پر 46 ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے

Oct 08, 2024 | 09:16:AM

 (24 نیوز) 8 اکتوبر2005:قیامت خیز زلزلے کو 19 برس بیت گئے۔

 19 سال قبل آزاد جموں و کشمیر میں قیامت خیز زلزلے نے آسمان کو چھوتی بلندوبالا عمارتوں کو تہہ وبالا کردیا تھا،زلزلے کی تباہ کاریوں میں مجموعی طور پر 46 ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے تھے، زلزلہ نے خیبر پختونخوا کے علاقوں کو بھی زد میں لے لیا تھا، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں مجموعی طور پر 86 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔

  آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام ڈویژنز اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات کا اہتمام اور شہداکے سوگ ایک منٹ خاموشی اختیار کی جائے گی، پاکستان میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، مظفرآباد میں مرکزی تقریب یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، تقریب میں وزیراعظم ، وزراء، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سمیت دیگر افراد شرکت کریں گے۔

صبح 8:52 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، وزیراعظم یادگار شہداء پر پھول چڑھائیں گے، اس موقع پر پولیس کے دستے سلامی بھی پیش کریں گے، زلزلہ میں سب سے زیادہ سرکاری املاک تباہ ہوئی تھیں۔قیامت خیز زلزلہ میں آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد، باغ، نیلم ویلی، جہلم ویلی اور راولا کوٹ سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : خاتون 3 ماہ میں ان پڑھ سے پڑھی لکھی بنی اور اقوام متحدہ سے ایوارڈ جیت لیا

 یاد رہے پاکستان کے بالائی علاقوں میں 7.6شدت کے ہولناک زلزلے میں تقریباً 70ہزار افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔

 صدر مملکت آصف زرداری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے اور قیمتی جانی نقصان کی یادمیں قومی استقامت کا دن منا رہے ہیں۔ اس تباہی کے دوران قوم نے بے مثال استقامت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور متاثرین کی دل کھول کر مدد کی۔ گراں قدر تعاون پر عالمی برادری اور فلاحی تنظیموں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قدرتی آفات کے حوالے سے برداشت کے قومی دن ‘8اکتوبر 2024’ کے موقع پر پیغام میں کہا آج کا دن 8اکتوبر 2005کے سانحہ کی یاد دلاتا ہے جو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر پر آیا تھا۔ ہماری دلی دعائیں ان تمام لوگوں کیلئے ہیں جنہوں نے اس زلزلے میں جان و مال کا نقصان اٹھایا۔

 سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا زلزلہ کے موقع پر قوم نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

مزیدخبریں