نابینا افراد کو ملازمتیں نہ دینے کیخلاف درخواست پر رپورٹ طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے نابینا افراد کو کوٹہ کے مطابق ملازمتیں نہ دینے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے نابینا افراد کو ملازمتیں دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کسی نابینا شہری نے خودکشی کی کوشش بھی کی ہے؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا کی خبر کے مطابق مطالبات منظور نہ ہونے پر نابینا شہری نے پٹرول پیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ سکیورٹی چاہتے ہیں؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ سکیورٹی نہیں کوٹہ کےمطابق نوکریاں چاہتے ہیں، حکام انہیں مذاکرات کے لئے بلاتے ہیں مگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے نابینا افراد کو کوٹہ کےمطابق ملازمتیں نہ دینے کیخلاف درخواست پر حکومت پنجاب کے ذمہ دار افسر کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔