ایس سی او کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے، محسن نقوی
پورے اسلام آباد خصوصاً وی وی آئی پی روٹ اور ریڈ زون کی خوبصورتی اور صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے،وفاقی وزیرداخلہ کی چیف کمشنر اسلام آبادکو ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
( اویس کیانی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس ہوا جس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اسلام آباد کی تزئین و آرائش اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ایس سی او سربراہی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریڈ زون بالخصوص وی وی آئی پی روٹس کی بیوٹیفکیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہوں کے اطراف دیدہ زیب لینڈسکیپنگ کی جائے، شہر بھر کو خوبصورت پھولوں اور فینسی لائٹس سے سجایا جائے۔
انہوں نے جناح کنونشن سنٹر کی تزئین و آرائش کے فنشنگ کا کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے ضروری ہدایات بھی دیں۔
یہ بھی پڑھیں : مجوزہ آئینی ترامیم کیخلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے، پورے اسلام آباد خصوصاً وی وی آئی پی روٹ اور ریڈ زون کی خوبصورتی اور صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اجلاس میں غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد شہر کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لئے کارروائیوں میں کوئی نرمی نہ برتی جائے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی مشترکہ طور پر کام کریں، ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کو جلد کلیئر کیا جائے، ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے والے مقامات کے اطراف سرویلنس کو بڑھایا جائے۔