چین افغان عبوری حکومت سے بات چیت کیلئے تیار،3 کروڑ ڈالر سے زائد امداد کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ نئی افغان عبوری حکومت کیساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ چینی حکومت کی جانب سے طالبان کی حکومت کو 3 کروڑ ڈالر سے زائد امداد دینے کا اعلان۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبنگ نے بیجنگ میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نئی افغان حکومت کیساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں، چین افغانستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ افغانستان کے نئے حکام تمام حلقوں اور نسلوں کے لوگوں کی سنیں گے تاکہ اپنے لوگوں کی خواہشات اور بین الاقوامی برادری کی توقعات کو پورا کر سکیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں سفارتکاروں سے ویڈیو کانفرنس کے دوران چین کے وزیر خارجہ وینگ یائی نے افغانستان کی نئی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں تعلقات ختم کر کے ان کے خلاف کارروائی کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں ترقی کے لئے چین امداد کریگا۔انہوں نے کہا دنیا کے کسی اور ملک کے مقابلے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ افغانستان کی معاشی اور انسانی بنیادوں پر امداد کریں۔ ہم افغانستان کی خودمختاری اور آزادی کا احترام کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لئے ان کی مدد کریں گے۔وینگ یائی نے کہا کہ وہ افغانستان کو دالوں، سردیوں کی اجناس، ویکسین اور ادویہ کی مد میں 3کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کریں گے جبکہ وہ افغان عوام کو 30 لاکھ کووڈ-19 ویکسین کی خوراکیں عطیہ کرنے کا بھی فیصلہ کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کابل چھوڑنا زندگی کا مشکل فیصلہ تھا، اشرف غنی نے افغان قوم سے معافی مانگ لی