پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

Sep 08, 2022 | 11:32:AM

 (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک ڈالر سے زائد کی کمی کے بعد یوکرین پر روس کے حملے سے پہلے کی سطح پر پہنچ گئیں۔

برینٹ کروڈ فیوچر گزشتہ سیشن میں 3 فیصد کی کمی کے بعد 1.35 ڈالر یا 1.5 فیصد گر کر 91.48 ڈالر فی بیرل تک آگیا، سیشن کے دوران قیمت کم ہو کر 91.35 ڈالر فی بیرل کی کم ترین سطح تک بھی پہنچیں جو 18 فروری کے بعد سب سے کم تھی۔

یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر 1.55 ڈالر یا 1.8 فیصد گر کر 85.33 ڈالر پر آگیا۔ یوں بینچ مارک سیشن کی کم ترین سطح 85.17 ڈالر کی سطح پر جاپہنچا جو 26 جنوری کے بعد سب سے کم ہے۔

ادھر حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اختیار آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا ) سے واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین مارکیٹ کرے گی۔

چیئرمین اوگرا مسرور خان کے زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے سربراہان، پٹرولیم ڈویژن و دیگر حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا، حتمی ٹی او آرز کی تشکیل کیلئے آئل ریفائنریز و دیگر فریقین کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

 خیال رہے کچھ روز قبل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 235 روپے 98 پیسے ہوگئی۔

اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 99 پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 247 روپے 43 پیسے ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 79 پیسے اضافہ ہوا، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 201 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

 حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 10 روپے 92 پیسے اضافہ کیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 210 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔

مزیدخبریں