(ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا کا زور کم ہوگیا، 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ۔
عالمی وبا کورونا وائرس نے پاکستان کو بری طرح متاثر کیا ، کبھی کورونا کیسز میں اضافہ اور کبھی کمی دیکھنے میں آئی لیکن نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا کا زور ملک بھر میں کم ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 208 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 174 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ۔این آئی ایچ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک میں کورونا کی مثبت شرح 1.22 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونا سے متاثر 119 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ 2020 کو خیبر پختونخوا میں ہوئی تھی جہاں مردان میڈیکل کمپلیکس میں 50سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا تھا۔