افغان شائقین کی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے بڑی پیش رفت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(سپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاء کپ کے کل کے میچ میں افغان شائقین کی جانب سے اسٹیڈیم میں کی جانے والی ہنگامہ آرائی کا معاملہ، پی سی بی کی جانب سے متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے میچز میں حالیہ برسوں کے دوران ہنگامہ آرائی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ 2019ء کے میچ میں لیڈز میں ہنگامہ آرائی ہوئی، دبئی میں گزشتہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی افغانستان کے خلاف میچ میں ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔
ایشیاء کپ میں گزشتہ روز ہونے والے افغانستان کے خلاف میچ میں بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان سے شکست، افغان شائقین کا ہنگامہ، پاکستانی مداحوں کو کرسیاں دے ماریں
پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستانی فینز کے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے ناخوش ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت الفاظ میں احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ خط کے ذریعے تشویش کا اظہار کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ، آئی سی سی، اے سی سی اور شارجہ کرکٹ کونسل کو خط لکھے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں پی سی بی مختلف اجلاسوں میں معاملے کو اٹھائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فینز کے ساتھ تین مرتبہ ناخوشگوار واقعات ہوئے جو ناقابلِ برداشت ہیں، فینز کو غیر محفوظ نہیں بنا سکتے، ان کی حفاظت کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا۔