پہلا ون ڈے: جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 127 رنز سے شکست دیدی

Sep 08, 2023 | 16:21:PM

(24نیوز)پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز ٹیموں کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے قومی ویمنز ٹیم کو 127 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ کی ٹیم نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کی جانب سے سن لوس ناقابل شکست 107 رنز کے ساتھ نمایاں جبکہ ماریزان کپ 100 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں، پاکستان کی جانب سے ناشرا سندھو نے 2 جبکہ ام ہانی اور عالیہ ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جوابی اننگز میں قومی ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، 293 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 37ویں اوورز میں 165 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکسان کی جانب سے عالیہ ریاض نے سب سے زیادہ 49 رنز کی اننگز کھیلی، جنوبی افریقہ کی طرف سے نادین اور نان کولولیکو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب قومی ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار اپنے کیریئر کا 100واں ون ڈے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ عالیہ ریاض نے اپنے ون ڈے کیریئر کے ایک ہزار رنزز مکمل کیے۔

خیال رہے کہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس میں ہر میچ جیتنے پر پاکستانی ویمنز ٹیم کو 2 پوائنٹس ملیں گے، پاکستانی ٹیم 9 میں سے 5 میچز جیت کر 10 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے، بھارتی ویمنز ٹیم 15 پوائنٹس کیساتھ پہلے جبکہ آسٹریلیا ویمنز ٹیم 11 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
 

مزیدخبریں