جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں لبوشین کی شاندار بیٹنگ، ’ہمیشہ اپنی ماں کی بات مانو‘

Sep 08, 2023 | 23:55:PM
جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں لبوشین کی شاندار بیٹنگ، ’ہمیشہ اپنی ماں کی بات مانو‘
کیپشن: مارنس لبوشین نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیلی اور آسٹریلوی ٹیم کو بحران سے نکال کر فتح کی جانب لے گئے۔
سورس: ٹوئٹر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دی۔
بلوم فونٹین میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے جیت کیلئے آسٹریلیا کو 223 رنز کا ہدف دیا جسے مہمان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین نے 93 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ مارنس لبوشین اس میچ کی ابتدائی 11 رُکنی ٹیم میں شامل نہیں تھے تاہم آسٹریلیا کی اننگز کے دوران جب بیٹر کیمرون گرین کو جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو راباڈا کی گیند سر پر لگی تو انہیں گراؤںڈ سے باہر جانا پڑا اور اس وجہ سے مارنس لبوشین اُن کی جگہ بطور کَنکَشن سبسٹیٹیوٹ بیٹنگ کرنے آئے۔
جب دائیں ہاتھ کے بیٹر بیٹنگ کرنے کریز پر آئے تو آسٹریلیا کی 113 کے سکور پر 7 وکٹیں گِر چکی تھیں تاہم انہوں نے ایشٹن ایگر کے ساتھ مل کر 112 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔


مارنس لبوشین نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیلی اور آسٹریلوی ٹیم کو بحران سے نکال کر فتح کی جانب لے گئے۔
مارنس لبوشین کی اس طرح میچ میں شرکت کے بارے میں انہوں نے تقریب تقسیم انعامت کے وقت بطور پلیئر آف دی میچ بات کرتے ہوئے دلچسپ انکشاف کیا کہ یہ ایک عجیب بات ہے۔ میری والدہ گزشتہ رات بضد تھیں کہ میں کھیلوں گا۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں ٹیم (پلیئنگ الیون) میں نہیں ہوں۔ بس کَنکَشن کی وجہ سے عجیب بات ہوئی (یعنی وہ میچ میں آ گئے)۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میرا کام یہ ہے کہ میں اپنی ٹیم کو جتوانے کیلئے کچھ بھی کروں۔ اِس کے علاوہ جو بھی ہوتا ہے وہ میرے بس سے باہر ہے۔ اس میچ کی خاص بات یہ ہے میری والدہ سٹیڈیم میں تب بھی موجود تھیں جب میں نہیں کھیل رہا تھا۔ ایسے گھر والوں کی وجہ سے میں بہت خوش ہوں۔‘
دوسری جانب جب کرکٹ آسٹریلیا نے میچ کے بعد لبوشین کا یہی بیان ٹوئٹر پر جاری کیا تو اِس پر بیٹر نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ہمیشہ اپنی ماں کی بات مانو۔‘