صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے تیسری شادی کااعتراف کرلیا

ان کے شوہرکا نام خبیب ہے اوراب وہ بہترزندگی گزار رہی ہیں،پروگرام میں گفتگو

Sep 08, 2024 | 10:14:AM

(ویب ڈیسک)معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نےتیسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے کااعتراف کرلیا۔

صنم ماروی حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی دوسری شادی ٹوٹنے سمیت گلوکاری پر کھل کر بات کی،پروگرام کے دوران معروف صوفی گلوکارہ نے تیسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہل خانہ نے ان کی شادی کروائی۔

صنم ماروی نے بتایا کہ ان کی دوسری شادی طلاق پر ختم ہونے کے بعد ان کے بچے بھی ان سے چھن گئے،ان کے تینوں بیٹے والد کے ہمراہ لاہور میں رہتے ہیں۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ دوسری شادی ان کی وجہ سے ہی طلاق پر ختم ہوئی کیونکہ وہ شوہر کے ساتھ مزید رہنا نہیں چاہتی تھیں،انہوں نے شادی کو چلانے اور کامیاب بنانے کی کوشش کی،اس کے لیے تشدد بھی برداشت کیا لیکن آخر میں مجبور ہوکر شادی کو طلاق پر ختم کیا۔

معروف گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شوہر کی مدد سے ہی کامیاب گلوکارہ بنی تھیں،انہوں نے ہی ان کی مدد کی اورانہیں گاؤں سے شہر لے آئے،ان کے دوسرے شوہرحامد ان کی خالہ کے بیٹے تھے،پہلے گائوں میں رہتے تھے پھرانہیں گلوکاری میں لانے کے لیے وہ لاہور منتقل ہوگئے۔

گلوکارہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ گلوکارہ بننے اورشہرت حاصل کرنے سے قبل بھی ان کے شوہر کی گرل فرینڈز ہوتی تھیں لیکن اس وقت وہ مجبور تھیں اور کوئی آپشن نہ ہونے کی وجہ سے وہ برداشت کر رہی تھیں،شہرت ملنے،پیسہ آنے اور خود مختار بننے کے بعد انہوں ںے شوہر کے دوسری خواتین سے تعلقات اور  تشدد  برداشت نہیں کیااس وجہ سے ان سے خلع لے لی۔

صنم ماروی نے بتایا کہ خلع کے بعد ان کے بچوں کی حوالگی کا کیس بھی کافی عرصے تک عدالت میں زیرسماعت رہاپھر انہوں نے بچوں کو پریشان نہ کرنے کی وجہ سے کیس سے دستبرداری اختیار کرلی،اب ان کے تینوں بیٹے والد کے ساتھ لاہور میں رہتے ہیں جبکہ بیٹی ان کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔

انہوں نے پروگرام کے دوران اعتراف کیا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے شادی کرلی تھی اوراب وہ بہتر زندگی گزار رہی ہیں،ان کے شوہر کا نام خبیب ہے اوروہ انتہائی اچھے انسان ہیں،گلوکارہ نے اگرچہ شادی کا اعتراف کیا لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی کو کتناعرصہ ہوچکا ہے؟

واضح رہے کہ صنم ماروی کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا،انہیں ایک ایسے وقت میں قتل کیا گیا تھا جب صنم ماروی پہلے بچے کی ماں بننے والی تھیں، صنم ماروی نے 18 سال کی عُمر میں پہلی شادی کی تھی، اُن کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو سال 2009 میں کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔

آفتاب احمد کے قتل کے وقت صنم ماروی اپنے پہلے بچے کی اُمید سے تھیں، پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد گلوکارہ نے اپنی خالہ کے بیٹے حامد خان سے دوسری شادی کرلی تھی جن سے اُن کے تین بیٹے ہیں جو اب اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں۔

مزیدخبریں